نئی دہلی: ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کی سربراہ اور مغربی بنگال کی سابق وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے قریبی ساتھی سمجھے جانے والے رکن اسمبلی مدن مترا اپوزیشن لیڈر رتبرت بنرجی کی قیادت والے باغی دھڑے میں شامل ہو گئے ہیں۔
تاہم مدن مترا نے دعویٰ کیا کہ وہ اب بھی ترنمول کانگریس کا حصہ ہیں۔ کامرہاٹی سے رکن اسمبلی مدن مترا نے اعلان کیا کہ وہ ممتا بنرجی کی قیادت والی ترنمول کانگریس کی تمام قومی اور ریاستی تنظیمی کمیٹیوں سے استعفیٰ دے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے مغربی بنگال اسمبلی میں پارٹی کے چیف وہپ کے عہدے سے بھی فوری طور پر استعفیٰ دے دیا ہے۔
اس پیش رفت کو ممتا بنرجی کی قیادت والے دھڑے کے لیے ایک بڑا جھٹکا قرار دیا جا رہا ہے، جو گزشتہ چند ماہ سے غیر معمولی اندرونی بغاوت کا سامنا کر رہا ہے۔ باغی رہنما رتبرت بنرجی سے ملاقات کے بعد مدن مترا نے صحافیوں سے کہا، "میں نے صرف اپنا کمرہ بدلا ہے، گھر نہیں۔ میں اب بھی ترنمول کانگریس کا ہی حصہ ہوں۔"