کشمیر: لشکر طیبہ کے دو ہائی برڈ جنگجو گرفتار، اسلحہ و گولہ بارود بر آمد

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | 1 Years ago
کشمیر: لشکر طیبہ کے دو ہائی برڈ جنگجو گرفتار، اسلحہ و گولہ بارود بر آمد
کشمیر: لشکر طیبہ کے دو ہائی برڈ جنگجو گرفتار، اسلحہ و گولہ بارود بر آمد

 

 

سری نگر،: جموں وکشمیر پولیس نے شمالی کشمیر کے قصبہ سوپور میں لشکر طیبہ سے وابستہ دو ہائی برڈ جنگجوؤں کو اسلحہ و گولہ بارود سمیت گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ سوپور پولیس اور فوج کی22 آر آر کی ایک مشترکہ ٹیم نے جمعے کی شام سوپور کے شاہ فیصل مارکیٹ میں تلاشی آپریشن شروع کر دیا۔

انہوں نے کہا: ’آپریشن کے دوران ایک شخص کو ایک بیگ لے کر سوپور بس اڈے سے شاہ فیصل مارکیٹ کی طرف مشکوک حالت میں آتے ہوئے دیکھا گیا‘۔ ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ شخص کو رکنے کا اشارہ کیا گیا لیکن اس نے جائے موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم سیکورٹی فورسز نے اس کو موقعے پر ہی دھر لیا۔

بیان کے مطابق مذکورہ شخص کے بیگ کی تلاش کی گئی جس سے ایک پستول، ایک پستول میگزین، کچھ گولیاں اور ایک آئی ای ڈی بر آمد کی گئی۔ بیان میں کہا گیا کہ ابتدائی پوچھ تاچھ کے دوران گرفتار شدہ شخص نے اپنی شناخت رضوان مشتاق وانی ولد مشتاق احمد وانی ساکن ہامرے پٹن کے بطور کی۔

ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے منکشف ہوا ہے کہ گرفتار شدہ شخص لشکر طیبہ کا ہائی برڈ جنگجو ہے اور وہ غیر مقامی مزدوروں، سیکورٹی فورسز اور اور پر امن شہریوں پر حملہ کرنے کی تاک میں تھا۔

انہوں نے کہا کہ رضوان مشتاق نے پوچھ تاچھ کے دوران اپنے ایک اور ساتھی کا انکشاف کیا اور اس کی شناخت جمیل احمد پرہ ولد حبیب اللہ پرہ ساکن تاپر پٹن کے بطور کی۔ ترجمان نے کہا کہ بعد ازاں بارہمولہ پولیس کی مدد سے جمیل احمد پرہ کو بھی گرفتار کیا گیا اور مزید اسلحہ بر آمد کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں کی پوچھ تاچھ جاری ہے اور مزید گرفتاریاں اور اسلحہ کی بر آمدگی متوقع ہے۔ پولیس نے اس ضمن میں پولیس اسٹیشن سوپور میں ایک کیس درج کیا ہے۔