مہاراشٹر میں ہٹائے گئے 3,367 لاؤڈ اسپیکر

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 12-07-2025
مہاراشٹر میں ہٹائے گئے 3,367 لاؤڈ اسپیکر
مہاراشٹر میں ہٹائے گئے 3,367 لاؤڈ اسپیکر

 



ممبئی/ آواز دی وائس
مہاراشٹر حکومت نے شور (آواز) کی آلودگی کو کم کرنے کے لیے ایک بڑا قدم اٹھایا ہے۔ وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس نے 11 جولائی کو اسمبلی میں بتایا کہ ریاست بھر کے مذہبی مقامات سے کل 3,367 لاؤڈ اسپیکر ہٹا دیے گئے ہیں۔ ان میں سے 1,608 لاؤڈ اسپیکر صرف ممبئی سے ہٹائے گئے ہیں۔ فڈنویس نے کہا کہ یہ کارروائی پُرامن طریقے سے کی گئی ہے، جس سے کوئی مذہبی یا فرقہ وارانہ تنازع پیدا نہیں ہوا۔
مہاراشٹر میں لاؤڈ اسپیکر سے پیدا ہونے والی آواز کی آلودگی کی شکایات کافی عرصے سے آ رہی تھیں۔ سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق مذہبی مقامات پر رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر پابندی ہے۔ دن میں زیادہ سے زیادہ 55 ڈیسیبل اور رات میں 45 ڈیسیبل آواز کی حد مقرر کی گئی ہے۔ فڈنویس نے بتایا کہ پولیس کو ان اصولوں پر سختی سے عمل درآمد کروانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اگر کوئی مذہبی مقام بغیر اجازت دوبارہ لاؤڈ اسپیکر نصب کرتا ہے تو متعلقہ پولیس تھانے کے انچارج کو اس کا ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔
پولیس اور انتظامیہ کا کردار
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تمام پولیس تھانوں میں شور کی پیمائش کے لیے نائس میٹر فراہم کیے گئے ہیں۔ مقامی پولیس انسپکٹروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مذہبی مقامات پر باقاعدہ جانچ کریں اور اگر کوئی خلاف ورزی ہو تو مہاراشٹر آلودگی کنٹرول بورڈ (ایم پی سی بی) کو اطلاع دیں۔ بار بار اصول توڑنے والوں کے لاؤڈ اسپیکر ضبط کیے جائیں گے اور ان کی اجازت بھی منسوخ کر دی جائے گی۔
بی جے پی ممبران اسمبلی نے اٹھایا تھا معاملہ
یہ کارروائی اس وقت تیز ہوئی جب بی جے پی کے ممبران اسمبلی نے اسمبلی میں شور کی آلودگی کا معاملہ اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ لاؤڈ اسپیکر سے پیدا ہونے والا شور بیماروں، بزرگوں اور رات کی شفٹ میں کام کرنے والوں کے لیے بڑی پریشانی کا سبب بن رہا ہے۔ انہوں نے جنوری میں بامبے ہائی کورٹ کے حکم کا حوالہ دیتے ہوئے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔
ممبئی اب لاؤڈ اسپیکر سے آزاد
فڈنویس نے دعویٰ کیا کہ ممبئی کے تمام مذہبی مقامات اب لاؤڈ اسپیکر سے پاک ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا، "ہم نے یہ یقینی بنایا ہے کہ کسی بھی مذہب یا فرقے کے جذبات کو ٹھیس نہ پہنچے۔" انہوں نے مزید کہا کہ یہ کارروائی قانونی دائرے میں اور شفاف طریقے سے کی گئی ہے۔ فڈنویس نے کہا کہ حکومت شور کی آلودگی پر قابو پانے کے لیے مزید سخت اقدامات کرے گی۔ اس کے لیے ماحولیات کے تحفظ کے قانون 1986 میں ترمیم کی مانگ مرکز حکومت سے کی جائے گی تاکہ پولیس کو مزید اختیارات دیے جا سکیں۔ ساتھ ہی مذہبی مقامات کو لاؤڈ اسپیکر کے لیے مقررہ مدت کی اجازت دی جائے گی، جسے ہر بار تجدید کروانا ضروری ہوگا۔