نئی دہلی: بدعنوانی کے خلاف کارروائی کرنے والے ادارے لوک پال اس وقت ایک نئے تنازع کی زد میں ہے، کیونکہ ادارے نے لگژری گاڑیوں کی خریداری کے لیے ٹینڈر جاری کیا ہے۔ لوک پال آف انڈیا کی جانب سے سات ممبران کے لیے سات BMW کاروں کا ٹینڈر جاری کیا گیا ہے، جن میں سے ہر گاڑی کی قیمت 70 لاکھ روپے سے زائد بتائی گئی ہے۔
اس معاملے پر اپوزیشن نے سخت اعتراضات اٹھائے ہیں، اور سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم نے بھی اس پر سوالات اٹھائے ہیں۔ سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" پر ایک پوسٹ میں لکھا: "جب سپریم کورٹ کے معزز ججوں کو سیڈان گاڑیاں دی جاتی ہیں، تو لوک پال کے چیئرمین اور چھ ممبران کو BMW کاروں کی کیا ضرورت پیش آ گئی؟
عوام کا پیسہ ان گاڑیوں پر کیوں خرچ کیا جا رہا ہے؟ مجھے امید ہے کہ لوک پال کے کم از کم ایک یا دو ممبران ان گاڑیوں کو لینے سے انکار کریں گے، یا پھر جلد کریں گے۔" چدمبرم کے علاوہ کانگریس کے سینئر رہنما ابھیشیک منو سنگھوی نے بھی اس معاملے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ: "یہ بہت افسوسناک ہے کہ جو ادارہ دیانتداری کی نگہبانی کے لیے بنایا گیا ہے، وہ خود لگژری کے پیچھے دوڑ رہا ہے۔"
سنگھوی نے لوک پال میں آنے والی شکایات اور ان پر کی گئی تحقیقات پر بھی سوال اٹھایا۔ ان کے مطابق: "اب تک لوک پال کو 8,703 شکایات موصول ہو چکی ہیں، جن میں سے صرف 24 معاملات کی ہی جانچ کی گئی ہے۔" لوک پال آف انڈیا کی جانب سے تقریباً 35 صفحات پر مشتمل ایک ٹینڈر جاری کیا گیا، جو 16 اکتوبر کو سرکاری ویب سائٹ پر اپلوڈ کیا گیا تھا۔
اس ٹینڈر میں BMW 3-سیریز کی سات کاروں کی خریداری کی بات کی گئی ہے، جن میں ہر گاڑی کی قیمت 70 لاکھ روپے سے زائد بتائی گئی ہے۔ ٹینڈر میں یہ بھی تفصیل دی گئی ہے کہ ان کاروں میں کن کن فیچرز کا ہونا لازمی ہے۔ لوک پال نے 7 لگژری BMW کاروں کے لیے ٹینڈر جاری کیا ہے۔ ہر کار کی قیمت 70 لاکھ روپے سے زیادہ ہے۔ اپوزیشن نے اسے عوامی پیسے کا ضیاع قرار دیا ہے۔ صرف 24 شکایات پر تحقیقات ہوئی ہیں، جبکہ شکایات کی تعداد 8,703 ہے۔ معاملہ سوشل میڈیا اور سیاسی حلقوں میں موضوع بحث بنا ہوا ہے۔