لوک سبھا اجلاس کا غیر معینہ مدت کے لیے التوا

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 21-08-2025
لوک سبھا اجلاس کا غیر معینہ مدت کے لیے التوا
لوک سبھا اجلاس کا غیر معینہ مدت کے لیے التوا

 



نئی دہلی: لوک سبھا کا مانسون اجلاس جمعرات کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا۔ یہ اجلاس کئی لحاظ سے متنازع اور ہنگامہ خیز رہا۔ اس دوران اپوزیشن کی مسلسل نعرے بازی اور رکاوٹوں کے بیچ حکومت کی جانب سے پیش کردہ 14 میں سے 12 سرکاری بل منظور کر لیے گئے، جن میں سے اکثر کو بغیر کسی بحث یا مختصر گفت و شنید کے دوران ہی پاس کر دیا گیا۔

یہ اجلاس 18ویں لوک سبھا کے پانچویں سیشن کے طور پر 21 جولائی کو شروع ہوا تھا۔ منظور کیے گئے اہم بلوں میں گوا میں شیڈولڈ ٹرائبز کے اسمبلی حلقوں کی از سرِ نو ترتیب، مرچنٹ شپنگ بل، منی پور جی ایس ٹی (ترمیمی) بل، قومی کھیل انتظام بل، قومی اینٹی ڈوپنگ بل، انکم ٹیکس اور ٹیکسیشن قوانین میں ترامیم، آن لائن گیمنگ ریگولیشن، اور آئی آئی ایم (ترمیمی) بل شامل ہیں۔

ایوان میں وزیر اعظم، وزرائے اعلیٰ یا وزراء کے خلاف سنگین الزامات کی صورت میں 30 دن کی مسلسل حراست کے بعد عہدے سے ہٹانے سے متعلق آئینی ترمیمی بل، جموں و کشمیر تنظیم نو (ترمیمی) بل، اور یونین ٹیریٹری گورننس (ترمیمی) بل کو مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کے حوالے کر دیا گیا۔ یہ بل وزیر داخلہ امت شاہ نے اپوزیشن کے شدید شور شرابے کے درمیان پیش کیے۔

اجلاس کے آغاز سے ہی اپوزیشن نے بہار میں ووٹر لسٹ کے خصوصی نظرِ ثانی پروگرام کو لے کر مسلسل احتجاج کیا، جس سے ایوان کی کارروائی شدید متاثر ہوئی۔ اس دوران اسپیکر اوم برلا نے اپوزیشن کے طرزِ عمل پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کارروائی میں رکاوٹ منظم طریقے سے پیدا کی گئی، جو نہ تو جمہوری اقدار کے مطابق ہے اور نہ ہی ایوان کی عظمت کے شایانِ شان۔

اسپیکر نے بتایا کہ اجلاس کے دوران 419 ستارے دار سوالات درج کیے گئے، مگر صرف 55 کا ہی زبانی جواب دیا جا سکا۔ ابتدائی طور پر 120 گھنٹے کی بحث کا منصوبہ تھا، جس پر سبھی پارٹیوں کی رضامندی بھی تھی، لیکن ہنگامہ آرائی کے سبب صرف 37 گھنٹے ہی بحث ہو پائی۔

اوم برلا نے کہا کہ عوام نے اپنے نمائندوں کو اس لیے چنا ہے کہ وہ ان کے مسائل پر بحث کریں، قوانین پر غور کریں اور بامعنی بات چیت کریں، لیکن ایوان میں نعرے بازی، تختیاں لے کر آنا اور غیر پارلیمانی زبان کا استعمال کرنا انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ خود احتسابی کریں اور ایوان میں سنجیدہ، شائستہ اور بامقصد بحث و مباحثے کی روایت کو فروغ دیں۔

اس سیشن میں اگرچہ زیادہ تر وقت شور شرابے میں گزر گیا، لیکن کچھ مواقع پر معیاری بحث بھی دیکھنے کو ملی۔ 28 اور 29 جولائی کو "آپریشن سندور" پر تفصیلی بحث ہوئی، جس کا جواب خود وزیر اعظم نریندر مودی نے دیا۔ اسی طرح 18 اگست کو ملک کے خلائی پروگرام کی کامیابیوں پر بھی بحث کا آغاز ہوا، لیکن اپوزیشن کے احتجاج کے باعث مکمل نہ ہو سکی۔

آخر میں قومی ترانہ "وندے ماترم" کی دھن بجنے کے بعد اجلاس کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، وزیر داخلہ امت شاہ، کانگریس کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی اور دیگر کئی اہم رہنما ایوان میں موجود تھے۔