لوک سبھا: راہل گاندھی کو بجٹ کے علاوہ کسی اور موضوع پر بولنے کی اجازت نہیں

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 09-02-2026
لوک سبھا: راہل گاندھی کو بجٹ کے علاوہ کسی اور موضوع پر بولنے کی اجازت نہیں
لوک سبھا: راہل گاندھی کو بجٹ کے علاوہ کسی اور موضوع پر بولنے کی اجازت نہیں

 



نئی دہلی: لوک سبھا میں بجٹ پر بحث شروع ہونے سے قبل قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی کو کسی دوسرے موضوع پر ایوان سے خطاب کی اجازت نہ ملنے کے معاملے پر کانگریس اراکین کے شدید ہنگامے کے باعث، دو بار کی معطلی کے بعد ایوان کی کارروائی پیر کے روز پورے دن کے لیے ملتوی کر دی گئی۔ قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی نے ایوان میں دعویٰ کیا کہ لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے بجٹ پر بحث شروع ہونے سے پہلے انہیں اپنی بات رکھنے کی اجازت دینے کا وعدہ کیا تھا۔

دوسری جانب، پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے کہا کہ کانگریس لیڈر کا بیان سو فیصد درست نہیں ہے اور اسپیکر نے راہل گاندھی سے صرف یہ کہا تھا کہ وہ اس موضوع کی وضاحت کریں جسے وہ ایوان میں اٹھانا چاہتے ہیں۔ دو مرتبہ کی معطلی کے بعد جب دوپہر دو بجے ایوان کی کارروائی دوبارہ شروع ہوئی تو صدرِ نشست سندھیا رائے نے مرکزی بجٹ پر بحث کے آغاز کے لیے کانگریس رکنِ پارلیمنٹ ششی تھرور کا نام پکارا۔

ششی تھرور نے آغاز سے قبل مطالبہ کیا کہ پہلے قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی کو بولنے کی اجازت دی جائے۔ صدرِ نشست نے کہا کہ اگر قائدِ حزبِ اختلاف بجٹ پر بحث میں حصہ لینا چاہتے ہیں تو وہ اپنی بات رکھ سکتے ہیں۔ اس پر راہل گاندھی نے کہا کہ کچھ دیر پہلے کانگریس کے چند اراکین لوک سبھا اسپیکر کے کمرے میں گئے تھے اور ’’انہوں نے (اوم برلا نے) وعدہ کیا تھا کہ بجٹ پر بحث سے پہلے مجھے بولنے دیا جائے گا، لیکن اب وہ اپنے وعدے سے پیچھے ہٹ رہے ہیں۔‘

‘ صدرِ نشست سندھیا رائے نے وضاحت کی کہ ان کے پاس اس حوالے سے کوئی نوٹس موجود نہیں ہے اور موجودہ صورتِ حال میں وہ صرف بجٹ پر بات کرنے کی اجازت دے سکتی ہیں۔ پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے کہا کہ لوک سبھا اسپیکر کے ساتھ کانگریس لیڈروں کی میٹنگ میں وہ خود بھی موجود تھے۔ انہوں نے بتایا کہ اسپیکر نے پہل کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر تمام فریق متفق ہوں تو ایوان کی کارروائی چلنی چاہیے۔

رجیجو کے مطابق، جب میٹنگ میں کانگریس لیڈر کے سی وینوگوپال نے کہا کہ قائدِ حزبِ اختلاف کچھ کہنا چاہتے ہیں تو اسپیکر نے جواب دیا تھا کہ موضوع بتائے جانے کے بعد ہی اجازت دی جائے گی۔ اس لیے راہل گاندھی کی جانب سے اسپیکر کے وعدے کا دعویٰ مکمل طور پر درست نہیں ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسپیکر نے واضح کیا تھا کہ اگر قائدِ حزبِ اختلاف کو بولنے کا موقع دیا جاتا ہے تو دیگر جماعتوں کے رہنماؤں کو بھی موقع دینا ہوگا اور حکومت کی جانب سے پارلیمانی امور کے وزیر اپنا موقف پیش کریں گے۔

رجیجو نے کہا، ’’ہم حکومت کی طرف سے ہمیشہ تیار ہیں۔ آپ ایسا کوئی کام نہ کریں جس سے ایوان کی وقار کو ٹھیس پہنچے۔‘‘ تاہم، جب صدرِ نشست نے دوبارہ بجٹ پر بحث شروع کرنے کے لیے ششی تھرور کا نام پکارا تو انہوں نے ایک بار پھر قائدِ حزبِ اختلاف کو پہلے بولنے دینے کی اجازت مانگی۔ راہل گاندھی کو بجٹ کے علاوہ کسی اور موضوع پر بولنے کی اجازت نہ ملنے پر کانگریس اراکین نے زبردست ہنگامہ کیا، جس کے باعث چند ہی منٹ بعد ایوان کی کارروائی پورے دن کے لیے ملتوی کر دی گئی۔ اس سے قبل بھی اسی معاملے پر ایوان کی کارروائی دو بار ملتوی کی جا چکی تھی۔

صبح جب ایوان کی کارروائی شروع ہوئی تو کانگریس اراکین نے ایوان میں موجود قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی کو بولنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا۔ اس پر لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے کہا کہ سوال و جواب کے وقفے میں صرف سوالات ہی کیے جاتے ہیں اور اس دوران کسی رکن کو کوئی دوسرا موضوع اٹھانے کی اجازت نہیں دی جاتی۔

انہوں نے شور شرابا کرنے والے اپوزیشن اراکین سے اپیل کی کہ سوال و جواب کا وقفہ چلنے دیا جائے اور یقین دلایا کہ بجٹ پر بحث کے دوران تمام اراکین کو ان کے مقررہ وقت کے مطابق بولنے کا موقع دیا جائے گا۔ اس دوران کانگریس کے اراکین اسپیکر کی نشست کے قریب آ کر نعرے بازی کرنے لگے۔ شور شرابا جاری رہنے پر اسپیکر نے پانچ منٹ بعد ہی ایوان کی کارروائی دوپہر 12 بجے تک ملتوی کر دی۔ دوپہر 12 بجے جب کارروائی دوبارہ شروع ہوئی تو صدرِ نشست کرشنا پرساد تینیٹی نے بجٹ پر بحث کے لیے پہلے مقرر کے طور پر ششی تھرور کا نام پکارا، جس پر قائدِ حزبِ اختلاف نے ایوان میں اپنی بات رکھنے کی خواہش ظاہر کی۔

تاہم، صدرِ نشست نے کہا کہ ان کے پاس موجود قانون سازی کے ایجنڈے کے مطابق اس وقت صرف بجٹ پر بحث ہونی ہے۔ کانگریس اراکین نے اس پر اعتراض کیا اور کہا کہ قائدِ حزبِ اختلاف کو ایوان میں بولنے کا حق حاصل ہے۔ صدرِ نشست نے واضح کیا کہ اگر قائدِ حزبِ اختلاف چاہیں تو وہ بجٹ پر بات کر سکتے ہیں۔ راہل گاندھی کو کسی دوسرے موضوع پر بولنے کی اجازت نہ ملنے کے باعث تعطل برقرار رہا اور ایوان کی کارروائی دوپہر دو بجے تک ملتوی کر دی گئی، جس کے بعد بعد ازاں دن بھر کے لیے کارروائی ملتوی کر دی گئی۔