کراؤڈ فنڈنگ کرکے زکوٰ ت کے پیسے سے بدل رہی زندگی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 22-04-2021
کراؤڈ فنڈنگ
کراؤڈ فنڈنگ

 

 

 نئی دہلی / شاہنواز عالم

جے پور کے رہائشی کشش یوسف نے جے ای ای مینس 2020 میں 99.58 فیصد نمبر حاصل کئے لیکن لاک ڈاؤن کی وجہ سے دہاڑی مزدور باپ اپنی بیٹی کو آگے پڑھانے سےقاصر ہو گیا ۔ آئی آئی ٹی یا این آئی ٹی میں داخلے کے لئے فیس کی ادائیگی کے لئے پیسے نہیں تھے ۔ کسی کے ذریعہ کشش کی کہانی بھارت زکات ڈاٹ کام پر پہنچی اور صرف چھ دن میں کشش کے لئے 2 لاکھ روپے کی رقم جمع ہوگئی اور آج وہ جے پور کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی میں بی ٹیک کمپیوٹر سائنس کی تعلیم حاصل کررہی ہیں ۔ اسی طرح مدھیہ پردیش کی ریوا یونیورسٹی سے کمپیوٹر سائنس اور آئی ٹی انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کرنے والی حسینہ فردوس کو ایک لاکھ روپے فیس دی گئی ہے۔ یہ کہانی زکوٰت کی رقم سے لوگوں کی ضروریات کو پورا کرنے کی چند مثالوں میں سے ایک ہے۔

زکوٰت ، جو کہ اسلام کے پانچ ستونوں میں سے ایک ہے ، کا مقصد ہے کہ اس کی رقم برادری کے ضرورت مندوں تک پہنچے اور ان کی ضروریات پوری کی جاسکیں۔ اس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے ، ایسوسی ایشن آف مسلم پروفیشنلز (اے ایم پی) نے اپریل 2020 میں ملک کا پہلا زکوٰت پر مبنی کراؤڈ فنڈنگ ​​پلیٹ فارم ، انڈیا زکات ڈاٹ کام شروع کیا۔ صرف ایک سال کے قلیل عرصے میں اس پلیٹ فارم نے زکوٰ ت کی مد کے 2.95 کروڑ روپئے جمع کیے اور اس کے ذریعہ 5067 لوگوں کی مدد کی۔ اے ایم پی زیادہ سے زیادہ لوگوں تک مدد پہچانے کے لئے کوشاں ہے۔

زکوٰ ت کی رقم صحت ، تعلیم ، وظیفہ ، خواتین کو بااختیار بنانے ، یتیم خانوں کی ضروریات ، ہموار زندگی گزارنے جیسے دیگر کاموں میں خرچ کی جاتی ہے۔ واضح رہے کہ شریعت کے مطابق ہر صاحب استطاعت مسلمان کو 2.5 فیصد زکوٰ ت ادا کرنا پڑتی ہے۔

پیشہ سے ایک سافٹ ویئر انجینئر اے ایم پی کے صدر عامر ادریسی کہتے ہیں کہ گذشتہ سال جب ملک میں لاک ڈاؤن ہوا تھا تو متعدد افراد مختلف پریشانیوں اور مصیبتوں میں گھرے ہوئے نظر آئے ۔ اسی دوران کراؤڈ فنڈنگ ​​پلیٹ فارم انڈیا زکات کو لانچ کرنے کا خیال آیا۔ لوگوں سے اپنا صدقہ ، زکوٰ ت اور خیرات لینے اور غریبوں تک پہونچنے کا کام شروع کیا۔ کووڈ کے پہلے مرحلے میں ، ملک کے 90 شہروں میں 5000 سے زائد خاندانوں کے لئے 30 لاکھ روپیۓ جمع کیے گئے اور انہیں راشن دیا گیا ۔ جن کی پڑھائی چھوٹ گئی تھی انھیں تعلیم کے لئے فیس بھی دی گئی ۔ نیا کام شروع کرنے کے لئے تیس ہزار سے ڈیڑھ لاکھ روپے تک کی امداد دی گئی ۔

کام کرنے کے طریقه کار کے حوالے سے ادریسی نے بتایا کہ تکنیکی ، مارکیٹنگ ، فنانس سمیت دیگر افراد پر مبنی رضاکاروں کی ایک ٹیم موجود ہے۔ ویب سائٹ کو اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ کوئی بھی جاکر کراؤڈ فنڈنگ ​​کے لئے درکار رقم اور وجہ بتاتے ہوئے ایک ٹوکن جنریٹ کرسکتا ہے۔ ٹوکن تیار ہونے کے بعد ایک ہفتہ کے اندر اس کی تصدیق ہوجاتی ہے۔ ٹیم کے ممبران یا کوئی رضاکار باقاعدگی سے دیئے گئے ایڈریس پر جاتے ہیں اور اس کی تصدیق ہونے کے بعد اسے ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر لائیو کر دیا جاتا ہے۔ اے ایم پی کے ممبران بھی ان کی طرف سے حصہ ڈالتے ہیں اور مارکیٹنگ ٹیم دوسروں کو زکوٰت ، صدقات یا چندہ دینے کی ترغیب دیتی ہے۔ جب پیسہ مستحقین تک پہنچ جاتا ہے تو اس سے رپورٹ لی جاتی ہے کہ رقم کہاں خرچ کی گئی ۔

جموں و کشمیر سے کنیا کماری ، ممبئی سے منی پور تک کے ضرورت مند افراد اب اس پلیٹ فارم پر دستک دے رہے ہیں۔ ادریسی کے مطابق زیادہ تر مسلمان رمضان کے مہینے میں زکوٰت دینے کو ترجیح دیتے ہیں ، لیکن معاشرے کے لوگوں کو کسی بھی وقت ضرورت پڑسکتی ہے۔ دہلی یا ممبئی کے لوگوں کو بہار یا بنگال میں کسی ضرورت مند کے بارے میں پتہ نہیں ہوتا ۔ ٹکنالوجی کی مدد سے زکوٰ ت اور صدقات کو کراؤڈ فنڈنگ ​​میں تبدیل کیا جارہا ہے اور پورے ملک میں مستحقین تک پہنچایا جارہا ہے۔ جو اپنا پیسہ عطیہ کرتے ہیں ان تک مکمل رپورٹ بھی بھیجی جاتی ہے ۔

انڈیا زکوٰت ڈاٹ کام نے رواں سال رمضان کے لئے خصوصی مہم چلائی ہے۔ جس میں رقم کو کورونا انفیکشن کی وجہ سے ملازمت سے محروم افراد کو چھوٹے کاروبار کرنے ، تعلیم حاصل کرنے ، لوگوں کو راشن دینے ، نوجوانوں کو مہارت کی تربیت دینے پر خرچ کیا جائے گا تاکہ زکوٰ ت لینے والا مستقبل میں زکوٰ ت دینے والا بن جائے۔