بنگلورو/ آواز دی وائس
بنگلورو سے ایک ہولناک واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں 35 سالہ خاتون کو اُس کے سابقہ لِو اِن پارٹنر نے آگ لگا دی۔ متاثرہ خاتون کی شناخت وناجکشی کے طور پر ہوئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق وناجکشی کو جھلسے ہوئے حالت میں اسپتال لایا گیا، مگر علاج کے دوران اُس کی موت ہو گئی۔ پولیس نے بتایا کہ وناجکشی وٹھل نامی ایک شخص کے ساتھ رہتی تھی۔ ملزم پیشے سے کیب ڈرائیور ہے اور شراب نوشی کا عادی بھی۔ وناجکشی تقریباً چار سال قبل اس کے ساتھ لِو اِن رشتے میں آئی تھی۔ اس سے پہلے وہ دو بار شادی کر چکی تھی جبکہ ملزم تین بار شادی کر چکا تھا۔ وناجکشی وٹھل کی شراب نوشی کی عادت سے پریشان تھی اور اُس سے دور ہو گئی تھی۔
ملزم نے خاتون کا پیچھا کیا
حال ہی میں وناجکشی کی دوستی ایک شخص مری اپا سے ہوئی تھی۔ وٹھل کو یہ دوستی پسند نہیں تھی۔ ایسے میں اُس نے موقع پاکر وناجکشی کو آگ کے حوالے کر دیا۔ دراصل وناجکشی مری اپا کے ساتھ مندر گئی تھی اور ایک کیب سے گھر لوٹ رہی تھی۔ اسی دوران ایک ٹریفک سگنل پر ملزم نے گاڑی رکتے ہی وناجکشی، مری اپا اور ڈرائیور پر پیٹرول چھڑک دیا۔ تینوں نے کار سے بھاگنے کی کوشش کی۔ مری اپا اور ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب رہے، لیکن وٹھل نے وناجکشی کا پیچھا کیا، اُس پر مزید پیٹرول ڈالا اور لائٹر سے آگ لگا دی۔
۔24 گھنٹے کے اندر ملزم گرفتار
وہاں سے گزرنے والے ایک نوجوان نے اس بھیانک منظر کو دیکھا اور وناجکشی کو بچانے کی کوشش کی۔ اُس نے کپڑے کے ایک ٹکڑے سے آگ بجھائی اور وناجکشی کو ایک نجی اسپتال لے گیا۔ وناجکشی تقریباً 60 فیصد تک جھلس گئی تھی اور ڈاکٹروں کی کوششوں کے باوجود زندہ نہ رہ سکی۔ واقعے کے دوران وٹھل خود بھی جھلس گیا۔ ہولیماؤ پولیس نے 24 گھنٹوں کے اندر ہی اُسے گرفتار کر لیا۔
پولیس ڈپٹی کمشنر ارائن ایم، آئی پی ایس نے بتایا کہ یہ معاملہ گھریلو تنازع کا ہے۔ جو کچھ ہوا وہ افسوسناک ہے۔ ہم نے 24 گھنٹوں کے اندر ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ہم اس نوجوان کے حوصلے کی بھی تعریف کرتے ہیں جس نے متاثرہ کو بچانے کی کوشش کی۔ لیکن ہر ممکن کوشش کے باوجود، خاتون جان سے ہاتھ دھو بیٹھی۔ ملزم کو اس بھیانک جرم کی سزا بھگتنی ہوگی۔ اُس پر سخت دفعات لگائی گئی ہیں۔
پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔