رائے پور/ آواز دئ وائس
چھتیس گڑھ کے سابق وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل کے بیٹے چیتنیا بگھیل کو بدھ کے روز اقتصادی جرائم شاخ/بدعنوانی مخالف بیورو نے مبینہ شراب گھوٹالے میں گرفتار کر لیا۔ چیتنیا کو اسی گھوٹالے میں 18 جولائی کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے گرفتار کیا تھا اور وہ تب سے عدالتی حراست میں تھے۔
بدھ کو چیتنیا اور دیپیندر چاوڑا کو گرفتار کر کے رائے پور کی خصوصی اے سی بی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سے انہیں 6 اکتوبر تک ای او ڈبلیو/اے سی بی کی حراست میں بھیج دیا گیا۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) گھوٹالے کے منی لانڈرنگ پہلو کی جانچ کر رہا ہے، جبکہ اقتصادی جرائم شاخ/اے سی بی فوجداری پہلو کی تفتیش کر رہی ہے۔ اس نے 2024 میں دھوکہ دہی، جعلسازی اور فوجداری سازش کے تحت ایک ایف آئی آر درج کی تھی۔ ریاستی ایجنسی نے اس گھوٹالے کی مالیت تقریباً 3,200 کروڑ روپے بتائی ہے۔
اس ماہ کے آغاز میں ای ڈی نے ایک خصوصی پی ایم ایل اے عدالت میں چیتنیا کے خلاف پراسیکیوشن شکایت درج کی تھی، جس میں الزام لگایا گیا کہ انہوں نے شراب گھوٹالے سے پیدا ہونے والے تقریباً 1,000 کروڑ روپے کو ذاتی طور پر سنبھالا تھا۔
ای او ڈبلیو کے ایک افسر نے بتایا کہ چیتنیا کا نام تقریباً چھ ماہ پہلے ہماری تفتیش میں سامنے آیا تھا۔ ان کی کئی بار قبل از گرفتاری ضمانت کی درخواستیں مسترد ہونے کے بعد ہم نے انہیں گرفتار کیا۔
گرفتاری کے بعد چیتنیا کے وکیل فیصل رضوی نے کہا کہ گرفتاری بغیر کسی ثبوت کے محض دباؤ بنانے کے لیے کی گئی ہے۔ وکیل نے بتایا کہ چھتیس گڑھ ہائی کورٹ کی جانب سے چیتنیا کی قبل از گرفتاری ضمانت کی درخواست مسترد کیے جانے کے بعد اے سی بی/ای او ڈبلیو نے انہیں گرفتار کیا۔ ای او ڈبلیو کی جانب سے خصوصی عدالت میں گرفتاری کی بنیاد مقدمے کے ایک ملزم لکشمی نرائن بنسل کا بیان ہے، جو 1,000 کروڑ روپے (جرم کی آمدنی) سے متعلق ہے۔ اہم نکتہ یہ ہے کہ چیتنیا کا نام کسی بھی فرد جرم میں شامل نہیں ہے۔
ای ڈی کے مطابق، مبینہ شراب گھوٹالا چھتیس گڑھ میں کانگریس کے دور حکومت کے دوران 2019 سے 2022 کے درمیان ہوا تھا۔ ای ڈی نے الزام لگایا کہ ریاست کے سینئر نوکرشاہوں، سیاستدانوں اور آبکاری محکمے کے افسران کا ایک گٹھ جوڑ مبینہ طور پر ایک متوازی آبکاری محکمہ چلاتا تھا، جس میں عوام کو شراب فروخت کی جاتی تھی لیکن سرکاری خزانے میں کوئی رقم نہیں جاتی تھی، جس سے 2,161 کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔ چاوڑا پر یہ الزام ہے کہ انہوں نے ایک ملزم سے دوسرے ملزم تک جرم کی آمدنی (غیر قانونی پیسہ) پہنچانے میں مدد کی۔