نئی دہلی / آواز دی وائس
تریپورہ میں ایک خاتون کے ساتھ بربریت کی تمام حدیں پار کر دی گئیں۔ خاتون کے ہاتھ پاؤں باندھ کر مارپیٹ کی گئی، نالے کے اوپر لٹایا گیا، منہ کالا کر کے جوتوں کی مالا پہنائی گئی اور اس کے بال کاٹ دیے گئے۔ الزام ہے کہ یہ واردات ایک مقامی بی جے پی لیڈر کے اشارے پر انجام دی گئی۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے تین خواتین کو گرفتار کر لیا ہے۔ اس معاملے پر سیاست بھی گرما گئی ہے۔
وائرل ویڈیو میں کیا دکھا؟
یہ واقعہ تریپورہ کے گومتی ضلع کے بھنگرپار علاقے میں پیش آیا۔ متاثرہ خاتون پر ناجائز تعلقات کے الزام میں یہ ظلم ڈھائے گئے۔ وائرل ویڈیو میں ایک خاتون، جسے مقامی حکمراں پارٹی کی لیڈر بتایا جا رہا ہے، متاثرہ کے زبردستی بال کاٹتی نظر آ رہی ہے۔ آس پاس کھڑے لوگ اس غیر انسانی واقعے کی موبائل سے ویڈیو بنا رہے تھے۔
متاثرہ خاتون کی آپ بیتی
متاثرہ خاتون نے الزام لگایا کہ اپنی ساس سے گھریلو جھگڑے کے بعد محلے کے لوگوں نے اسے بجلی کے کھمبے سے باندھ دیا، منہ کالا کر دیا، جوتوں کی مالا پہنائی اور بے عزت کیا۔ اس نے منجو رانی داس، پُتُل رانی داس، نِبیدیتا چندا، نندیتا چندا، باپن بی بی اور حامدہ بی بی کو اس کا ذمہ دار ٹھہرایا اور انصاف کا مطالبہ کیا۔
۔3 ملزم خواتین گرفتار
گومتی ضلع کے ایس پی ڈاکٹر کرن کمار کے نے بتایا کہ آر کے پور ویمن تھانے میں ہندوستانی پینل کوڈ کی دفعات 127، 117، 76، 351 اور 3 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے تین خواتین کو گرفتار کیا ہے، جن کے نام منجو رانی داس (60)، پُتُل رانی داس (50) اور حامدہ بانو (60) ہیں۔
بی جے پی کو بدنام کرنے کا الزام
گومتی ضلع کی بی جے پی صدر سبیتا ناگ نے ایس پی سے ملاقات کر کے ملزموں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی اور وزیر اعلیٰ ایسی حرکتوں کی حمایت نہیں کرتے۔ ہم پولیس سے گہری تحقیقات کرنے اور قانون کے مطابق کارروائی کی مانگ کرتے ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اپوزیشن اس مسئلے پر حکومت کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ جب ان سے ملزم بی جے پی لیڈر پر کارروائی کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ تفتیش مکمل ہونے کے بعد پارٹی مناسب قدم اٹھائے گی۔
خواتین کمیشن کی مداخلت
اس واقعے پر تریپورہ خواتین کمیشن کی صدر جھرنا دیب برما نے منگل کو کہا کہ ہم ایک معصوم اور بے بس خاتون کے ساتھ اس طرح کی غیر انسانی حرکت کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ اگر کسی کو کوئی شکایت ہے تو اسے انتظامیہ کے پاس جا کر کارروائی کا مطالبہ کرنا چاہیے، آپ قانون کو ہاتھ میں نہیں لے سکتے۔ خواتین کمیشن ملزموں پر سخت کارروائی کا مطالبہ کرتا ہے۔
پچھلے واقعات کی یاد تازہ
اس واقعے نے اگر تلہ کے چندرپور کالی باڑی میں کچھ عرصہ پہلے ہوئے اُس واقعے کی یاد تازہ کر دی، جس میں ایک درمیانی عمر کی خاتون کو بجلی کے کھمبے سے باندھ کر بری طرح پیٹا گیا تھا۔ اس کا الزام اُس وقت کی بائیں محاذ حکومت کے حکمراں پارٹی کے لیڈروں پر لگا تھا۔ اسی طرح سبروم کے ٹکا تُلسی کے واقعے پر بھی کافی تنازع ہوا تھا۔