سری نگر: جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے دہشت گرد حملے میں جاں بحق ہونے والے ہیڈ کانسٹیبل عاشق حسین قریشی کے اہل خانہ سے جمعہ کے روز ضلع بڈگام میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور انہیں یقین دلایا کہ انتظامیہ اس مشکل وقت میں ان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے۔
حکام کے مطابق، منوج سنہا نے یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ قریشی کے بیٹے کے سرکاری ملازمت کے لیے ہمدردانہ بنیاد (Compassionate Appointment) پر اہل ہونے تک خاندان کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ لیفٹیننٹ گورنر کے ہمراہ پولیس کے ڈائریکٹر جنرل نلین پربھات، انسپکٹر جنرل وی کے بردی اور بڈگام کے ڈپٹی کمشنر اتھر عامر خان بھی موجود تھے۔
حکام نے بتایا کہ سنہا نے بڈگام کے لالپورہ میں قریشی کے گھر جا کر اہل خانہ سے تعزیت کی، ڈیوٹی کے دوران ان کی عظیم قربانی کو خراجِ تحسین پیش کیا اور مرحوم کی مغفرت و بلندیٔ درجات کے لیے دعا کی۔ سرکاری ترجمان کے مطابق، لیفٹیننٹ گورنر نے بہادر پولیس اہلکار کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے گہری ہمدردی کا اظہار کیا۔
منوج سنہا نے اہل خانہ سے کہا کہ پورے ملک کو عاشق حسین قریشی کی بہادری پر فخر ہے۔ واضح رہے کہ عاشق حسین قریشی امرناتھ یاترا کی ڈیوٹی پر تعینات تھے، جنہیں بدھ کے روز ضلع اننت ناگ کے لال چوک میں ایک دہشت گرد نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ وادی میں رواں سال کے اس پہلے دہشت گرد حملے کے بعد سکیورٹی فورسز نے بڑے پیمانے پر انسدادِ دہشت گردی مہم شروع کی ہے اور دہشت گردوں کے معاون ہونے کے شبہے میں درجنوں افراد کو حراست میں لیا ہے۔