سرینگر: جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پیر کے روز دہشت گردی کے واقعات میں جاں بحق ہونے والے شہریوں کے 250 لواحقین کو تقرری کے خطوط سونپے۔ یہ اقدام حکومت کی ان متاثرہ خاندانوں کے ساتھ یکجہتی اور امداد کے عزم کی ایک مضبوط علامت ہے۔سرینگر میں منعقدہ ایک باوقار تقریب میں ایل جی سنہا نے خود ان مستحقین کو تقرری کے خطوط فراہم کیے، جن میں سے بہت سے افراد نے برسوں تک انصاف اور باز آبادکاری کا انتظار کیا۔ یہ تقرریاں "ہمدردی کی بنیاد" پر کی گئی ہیں، تاکہ ان خاندانوں کو سہارا دیا جا سکے جنہوں نے اپنے کفیل دہشت گردی کی نذر ہوتے دیکھے۔
لیفٹیننٹ گورنر سنہا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام ان معصوم جانوں کو خراجِ عقیدت ہے جو دہشت گردی کا شکار ہوئیں، اور ان کے پیچھے رہ جانے والے اہل خانہ کے لیے باعزت مستقبل کی سمت ایک قدم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی معاوضہ اس نقصان کا نعم البدل نہیں ہو سکتا، لیکن یہ کوشش ان خاندانوں کو اُمید، سہارا اور بااختیار بنانے کی سمت ایک قدم ہے۔تقریب کے دوران کئی جذباتی مناظر دیکھنے کو ملے، جب مستحقین نے اپنی ذاتی کہانیاں اور مشکلات بیان کیں۔سکینہ بانو جن کے والد 2002 میں کپواڑہ میں ایک دہشت گرد حملے میں جاں بحق ہوئے، نے کہا:"ہم نے برسوں بغیر کسی آمدنی کے زندگی گزاری۔ یہ ملازمت ہمارے خاندان کے لیے ایک نئی شروعات ہے۔
عارف حسین نے جن کا تعلق اننت ناگ سے تعلق سے ہے اور جن کے بھائی کا دہشت گردوں نے قتل کر دیا تھا، کہا کہ یہ نوکری صرف روزگار نہیں، بلکہ میرے خاندان کے لیے انصاف ہے۔
ایل جی سنہا نے اس موقع پر کہا کہ انتظامیہ کی توجہ ان زخموں پر مرہم رکھنے پر مرکوز ہے جو دہائیوں کی دہشت گردی نے لوگوں کو دیے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت ایسی اسکیموں کو ترجیح دے رہی ہے جو عام شہریوں کی زندگی پر اثر ڈالیں اور حکمرانی میں شفافیت، جوابدہی اور انصاف کو فروغ دیں۔ ایل جی سنہا نے پرعزم انداز میں کہا کہ امن و ترقی ہماری ترجیحات میں سرفہرست ہیں۔ ہم دہشت گردی کو اپنے پُرامن اور باوقار مستقبل کی تعمیر میں رکاوٹ نہیں بننے دیں گے،تقریب میں جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ، محکمہ داخلہ اور ڈی جی پی پولیس کے حکام بھی موجود تھے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق یہ ایک مسلسل عمل ہے، اور مزید زیر التوا کیسز کا جائزہ لے کر جلد کارروائی کی جائے گی۔ ایل جی سنہا نے انتظامیہ کی ان کاوشوں کو سراہا جن کے ذریعے ایسے کیسز کے طویل التوا کو ختم کیا گیا، اور متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ باقی درخواستوں کو بروقت نمٹانے کو یقینی بنائیں۔
حکومت اس سے پہلے بھی دہشت گردی کے متاثرین کے لواحقین کے لیے کئی فلاحی اقدامات کا اعلان کر چکی ہے، جن میں مالی امداد، بچوں کے لیے مفت تعلیم، اور ہنر مندی کے پروگرام شامل ہیں۔آج کا اقدام نہ صرف ایک بڑا اعتماد سازی کا قدم سمجھا جا رہا ہے بلکہ یہ بھی ظاہر کرتا ہے کہ جموں و کشمیر کی انتظامیہ ہر متاثرہ خاندان تک پہنچنے اور ان کے درد کو بانٹنے کے لیے کتنی سنجیدہ ہے۔