نئی دہلی: چیف جسٹس بی آر گوئی پر جوتا پھینکنے والے وکیل راکیش کِشور نے کہا ہے کہ وہ چیف جسٹس کی تبصرے سے دکھی ہیں اور اپنے کیے پر انہیں کوئی افسوس یا پشیمانی نہیں ہے۔ وکیل راکیش کِشور نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی سناتن دھرم سے متعلق کوئی معاملہ آتا ہے تو سپریم کورٹ اسی طرح کے احکامات دیتا ہے۔
چیف جسٹس پر جوتا پھینکنے کی کوشش کے بعد وکیل راکیش کِشور کو معطل کر دیا گیا ہے۔ وکیل راکیش کِشور نے کہا، ’’میں دکھی تھا... میں نشے میں نہیں تھا۔ یہ اُن کی کارروائی پر میری ردعمل تھی۔ نہ میں خوف زدہ ہوں اور نہ ہی مجھے اپنے کیے پر کوئی افسوس ہے۔ 16 ستمبر کو چیف جسٹس کی عدالت میں ایک عوامی مفاد کی عرضی دائر کی گئی تھی۔ چیف جسٹس نے اس کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا جاؤ اور مورتی سے دعا کرو اور اُسے ہی کہو کہ تمہارا سر واپس لگا دے۔
جب ہمارے سناتن دھرم سے جڑا کوئی معاملہ آتا ہے، تو سپریم کورٹ ایسے ہی فیصلے دیتا ہے۔ عرضی گزار کو ریلیف نہ دیجئے، مگر اس کا مذاق تو نہ اُڑائیں۔‘‘ عدلیہ کے سب سے اعلیٰ عہدے پر فائز شخصیت کے خلاف اپنی کارروائی پر معطل وکیل نے کہا، ’’اتنے بڑے آئینی عہدے پر بیٹھنے والے چیف جسٹس کو بھی سوچنا چاہیے۔ انہیں ’مائی لارڈ‘ لفظ کے معنی اور اس کی عظمت کو سمجھنا چاہیے۔
آپ ماریشس جاتے ہیں تو وہاں کہتے ہیں کہ ملک بلڈوزر سے نہیں چل سکتا۔ میں چیف جسٹس سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ کیا سرکاری زمین پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف یوگی جی کی کارروائی غلط ہے؟ میں دکھی ہوں اور آگے بھی دکھی ہی رہوں گا۔‘‘ چیف جسٹس، جو ایک دلت ہیں، پر جوتا پھینکنے پر ہونے والی تنقید کے جواب میں راکیش کِشور نے کہا، ’’میرا نام راکیش کِشور ہے، کیا کوئی میری ذات بتا سکتا ہے؟ ہو سکتا ہے کہ میں بھی دلت ہوں۔
چیف جسٹس بی آر گوئی دلت ہیں، یہ ایک پہلو ہے، اور اسی کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ لیکن وہ دلت نہیں ہیں۔ وہ پہلے سناتنی ہندو تھے، بعد میں انہوں نے اپنا مذہب بدل کر بدھ مت اختیار کر لیا۔ اب وہ دلت کیسے ہیں؟ یہ تو صرف سوچ کا معاملہ ہے۔‘‘
وکیل راکیش کِشور نے مزید کہا، ’’جج صاحبان کو اپنی حساسیت پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ لاکھوں مقدمات زیرِ التوا ہیں۔ میں کسی سے معافی نہیں مانگنے والا اور نہ ہی مجھے افسوس ہے۔ میں نے کچھ غلط نہیں کیا۔ آپ مجھ سے سوال کر رہے ہیں، مگر یہ سب اوپر والے نے مجھ سے کروایا۔‘‘