نئی دہلی/ آواز دی وائس
گینگسٹر لارنس بشنوئی کا قریبی رندیپ ملک امریکہ میں گرفتار ہو گیا ہے۔ گینگسٹر رندیپ ملک کو امریکہ کی وفاقی قانون نافذ کرنے والی اور خفیہ ایجنسی فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن نے گرفتار کیا ہے۔ رندیپ امریکہ میں بیٹھ کر لارنس کے اشارے پر قتل کروا رہا تھا۔ وہ دہلی کے نادر شاہ قتل کیس میں مطلوب تھا۔ نادر شاہ قتل کیس میں جو ہتھیار استعمال ہوئے تھے، وہ رندیپ نے ہی بیرونِ ملک سے فراہم کیے تھے۔ گڑگاؤں اور چندی گڑھ میں کلب کے سامنے دھماکے کی سازش بھی رندیپ سنگھ ملک نے ہی رچی تھی۔
رندیپ سنگھ کو امریکہ کے جیکسن پیریش کریکشنل سینٹر میں حراست میں رکھا گیا ہے۔ ایف بی آئی نے رندیپ کی گرفتاری کی اطلاع ہندوستانی ایجنسیوں سے شیئر کی ہے۔ گڑگاؤں کے ایک کیفے میں ہونے والے دھماکے کے معاملے میں بھی رندیپ کا نام سامنے آیا تھا، حالانکہ اس کی ذمہ داری روہت گودھرا نے قبول کی تھی۔
۔2011 کے معاملے میں بھی ہے ملزم
رندیپ سنگھ ملک گڑگاؤں اور چندی گڑھ کے کلبوں کے باہر بم دھماکے کی سازش میں بھی شامل رہا ہے۔ رندیپ کو امریکہ میں امیگریشن اینڈ کسٹمز ڈپارٹمنٹ نے حراست میں لیا، اور ایف بی آئی نے اس کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔ وہ امریکہ سے ہندوستان میں ٹارگٹ کلنگ کی سازشیں رچ رہا تھا۔ ہندوستانی ایجنسیاں اب اس کے ایکسٹرڈیشن (تحویل ملزم) کے عمل میں سرگرم ہیں۔ رندیپ کے خلاف پہلے سے ہی کروکشیتر میں 2011 میں تعزیراتِ ہند کی دفعات 323، 325 اور 506 کے تحت مقدمات درج ہیں۔
نائٹ کلب دھماکہ کیس میں بھی آیا نام
دسمبر 2024 میں گڑگاؤں کے سیکٹر 29 میں واقع ویئر ہاؤس کلب اور ہیومن کلب پر گرینیڈ حملہ کیا گیا تھا۔ دھماکہ ہیومن نائٹ کلب کے باہر صبح تقریباً 5:15 بجے ہوا اور اس کی ویڈیو قریبی کلب میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں میں ریکارڈ ہو گئی۔ اس معاملے میں گڑگاؤں اسپیشل ٹاسک فورس نے ایک ملزم کو گرفتار کیا تھا جس کی شناخت اتر پردیش کے میرٹھ کے رہائشی سچن کے طور پر ہوئی۔ گرینیڈ حملے کے فوراً بعد، بدنام گینگسٹر روہت گودارا نے سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے اس کی ذمہ داری قبول کی۔ این آئی اے کی تفتیش میں رندیپ ملک اور نامزد دہشت گرد گولڈی برار کا نام سامنے آیا، جس نے پہلے کلب مالکان کو دھمکایا اور ان سے پیسے وصول کرنے کے لیے بم دھماکے کروائے تھے۔ وہی ان گرینیڈ حملوں کا ماسٹر مائنڈ تھا۔ این آئی اے نے 2 جنوری 2025 کو اس معاملے میں مقدمہ درج کیا تھا اور تفتیش جاری ہے۔