لارنس بشنوئی کا آدمی ممبئی آرہا ہے- ممبئی پولیس کو فون کال

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 21-04-2024
لارنس بشنوئی کا آدمی ممبئی آرہا ہے- ممبئی پولیس کو فون کال
لارنس بشنوئی کا آدمی ممبئی آرہا ہے- ممبئی پولیس کو فون کال

 

ممبئی:  چند روز قبل ممبئی میں بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ ہوئی تھی۔ اس واقعہ کے بعد سے پولیس چوکس ہے۔ اسی دوران پولیس کو دھمکی آمیز کال موصول ہوئی ہے۔ ایک نامعلوم شخص نے ممبئی پولیس کے کنٹرول روم کو فون کیا۔ فون کرنے والے نے بتایا کہ گینگسٹر لارنس بشنوئی کا آدمی ممبئی آکر ایک بڑی واردات کو انجام دینے والا ہے۔ اس کے بعد فون منقطع ہوگیا۔

یہ واقعہ ہفتہ کو پیش آیا بتایا جاتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ممبئی پولیس نے بتایا کہ دھمکی آمیز کال موصول ہونے کے بعد کنٹرول روم نے فوری طور پر مقامی پولیس اسٹیشن سے رابطہ کیا۔ اسے معاملے سے آگاہ کیا۔ اسی وقت، جمعہ (19 اپریل) کو غازی آباد، اتر پردیش سے ایک 20 سالہ لڑکے کو گرفتار کیا گیا۔

 ۔معلوم ہوا ہے کہ سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کیس میں لارنس بشنوئی کے بھائی کا نام سامنے آیا تھا۔ بتایا گیا کہ شوٹر انمول بشنوئی سے رابطے میں تھا۔ اس سے پہلے ایک ٹیکسی گلیکسی اپارٹمنٹ پہنچی تھی۔ جانچ میں پتہ چلا کہ یہ کیب گینگسٹر لارنس بشنوئی کے نام پر بک کی گئی تھی۔

 اس کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے کیب ڈرائیور کو حراست میں لے لیا تھا۔ بعد میں یوپی پولیس نے ایک لڑکے کو گرفتار کیا اور کہا کہ پوچھ گچھ کے دوران پتہ چلا کہ وہ مذاق کر رہا تھا، جس کے لیے اس نے بشنوئی کے نام سے ایک ٹیکسی بک کرائی تھی۔

 ممبئی پولیس فی الحال چوکس ہے۔ پولیس نے گجرات سے سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔ وکی گپتا (24 سال) اور ساگر پال (21 سال) نامی ملزمان کو کچھ میں گرفتار کرنے کے بعد ممبئی لایا گیا۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ حملہ کرنے سے پہلے ملزم نے تین بار ریکی کی تھی۔ دونوں ملزمین بہار کے چمپارن کے رہنے والے نکلے۔ لارنس بشنوئی کے بھائی انمول بشنوئی نے سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے سلمان کے گھر پر فائرنگ کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ یہ حملہ محض ایک ٹریلر ہے۔ فائرنگ کے بعد ممبئی پولیس نے سلمان کے گھر کے باہر سیکورٹی بڑھا دی ہے۔