جانئے! مختلف ریاستوں میں کیا ہے موسم کی صورتحال

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | 1 Years ago
جانئے! مختلف ریاستوں میں کیا ہے موسم کی صورتحال
جانئے! مختلف ریاستوں میں کیا ہے موسم کی صورتحال

 

 

آواز دی وائس، نئی دہلی

ملک کی بیشتر ریاستوں میں جہاں گرمی کی وجہ سے لوگوں کا برا حال ہے وہیں کچھ ریاستیں ایسی بھی ہیں جہاں بارش کی وجہ سے سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ ان ریاستوں میں آسام، کرناٹک، کیرالہ، میگھالیہ اور منی پور شامل ہیں۔

ان ریاستوں میں موسلادھار بارش کی وجہ سے کئی مقامات پر پانی جمع ہوگیا ہے۔ لوگوں کا گھروں سے نکلنا مشکل ہو رہا ہے۔ بحیرہ عرب سے چلنے والی تیز طوفانی ہواؤں کی وجہ سے کیرالہ اور کرناٹک میں موسلادھار بارش ہو رہی ہے۔

آسام میں8 لاکھ سے زیادہ لوگ سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں اور 14 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔ اس کے ساتھ ہی جمنا مکھ ضلع کے دو گاؤں کے 500 سے زیادہ خاندان ریلوے پٹریوں پر رہ رہے ہیں۔ سیلابی پانی 1413 دیہات میں داخل ہو گیا ہے۔ سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ضلع نوگاؤں ہے جہاں 2.88 لاکھ لوگ اس خطرے کا سامنا کر رہے ہیں۔

اس کے ساتھ ہی کیچھر میں 1.2 لاکھ اور ہوجائی میں ایک لاکھ 7 ہزار لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ فورس، فوج اور آسام رائفلز کے اہلکار راحت اور بچاؤ کاموں میں مصروف ہیں۔ نقل و حرکت کے بحران کے پیش نظر آسام حکومت نے سلچر اور گوہاٹی کے درمیان 3000 روپے میں ہنگامی پرواز سروس شروع کی ہے۔

کیچھر ضلع انتظامیہ نے صورتحال کو دیکھتے ہوئے تمام تعلیمی اداروں کو بند کر دیا ہے۔ موسلا دھار بارش کی وجہ سے کیرالہ کے کئی حصوں میں سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ چار اضلاع کوزی کوڈ، وایناڈ، کونور اور کاسرگوڈ کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

ریڈ الرٹ کا مطلب ہے کہ ان اضلاع میں شدید بارش کا امکان ہے۔ آئی ایم ڈی نے چار اضلاع کے ساتھ ساتھ تھریسور، پلکاڈ اور ملاپورم سمیت سات اضلاع کے لیے صبح اورنج الرٹ جاری کیا تھا۔ کرناٹک میں موسلا دھار بارش نے تباہی مچا رکھی ہے۔ اس جان لیوا بارش میں اب تک 10 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

ہبلی سمیت کئی اضلاع میں پانی جمع ہونے سے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔ راحت اور بچاؤ کے لیے این ڈی آر ایف کی چار ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ ساتھ ہی سیکیورٹی کے پیش نظر تمام اسکولوں کو بند کرنے کے احکامات بھی دیے گئے ہیں۔ اس سب کے درمیان  وزیراعلیٰ بسواراج ایس بومئی نے بنگلورو کے کئی علاقوں کا دورہ کیا جو پانی سے متاثر ہیں۔

ہندوستان کے محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ اگلے چند گھنٹوں کے اندر دہلی-این سی آر میں 30 سے ​​40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے دھول کا طوفان آسکتا ہے اور کئی علاقوں میں بارش ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ جنوب مشرقی دہلی، گروگرام، فرید آباد، بلبھ گڑھ، ریواڑی، سوہانہ، فرخ نگر اور مانیسر میں ہلکی شدت کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

اترپردیش میں 22 مئی کو سدھارتھ نگر، کشی نگر، دیوریا، گورکھپور اور سنت کبیر، رام پور، غازی آباد، میرٹھ، بلند شہر، مراد آباد، سہارنپور، شاملی اور مظفر نگر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

بہار کے جن اضلاع میں محکمہ موسمیات نے گرج چمک کے ساتھ طوفان کا امکان ظاہر کیا ہے وہ ہیں مشرقی چمپارن، مغربی چمپارن، مظفر پور، گوپال گنج، شیوہر، سیتامڑھی، دربھنگہ، ویشالی، سمستی پور، مدھوبنی، سپول، مدھے پورہ، ارریہ، سہرسہ، کشنیہ گنج ، بھاگلپور اور بنکا شامل ہیں۔