تیجس حادثہ: پائلٹ کی آخری ویڈیو

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 22-11-2025
تیجس حادثہ: پائلٹ کی آخری ویڈیو
تیجس حادثہ: پائلٹ کی آخری ویڈیو

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
ہندُستانی فضائیہ کا لڑاکا طیارہ تیجس جمعہ کے روز دبئی میں ایئر شو کے دوران حادثے کا شکار ہوگیا۔ اس حادثے میں پائلٹ ونگ کمانڈر نمن سیال نے اپنی جان گنوا دی۔ حادثے سے کچھ دیر پہلے کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے، جس میں نمن سیال ہندُستان کے وزیرِ مملکت برائے دفاع سنجے سیٹھ، متحدہ عرب امارات میں ہندُستان کے سفیر دیپک مِتّل اور اضافی سکریٹری (خلیج) عاصم مہاجن کے ساتھ کھڑے نظر آ رہے ہیں۔ وہ گروپ فوٹو کے لیے پوز دے رہے تھے کسی کو اندازہ نہیں تھا کہ یہ ان کی زندگی کے آخری لمحات ہوں گے۔
اس واقعے نے ہندُستانی دفاعی برادری کو گہری تشویش میں مبتلا کر دیا ہے اور ایئر مارشل سنجیو کپور (ریٹائرڈ) نے کہا کہ اس حادثے نے پوری سسٹم کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کچھ ہی وقت پہلے دبئی میں ہونے والا یہ المناک تیجس حادثہ واقعی پورے نظام کو جھنجھوڑ دینے والا ہے۔ اس کی وجہ مکینیکل ہو سکتی ہے، یہ فلاٸی بائے وائر یا کسی کنٹرول سطح کی خرابی بھی ہو سکتی ہے۔ تخریب کاری کے پہلو کو بھی کورٹ آف انکوائری کی ٹیم ضرور دیکھے گی۔ ایف ڈی آر اور سی وی آر نکالے جائیں گے۔ اس سطح پر قیاس آرائی کرنا مناسب نہیں۔ ایک مسلح بھائی کو کھونا انتہائی افسوسناک ہے۔
دفاعی وزیر راج ناتھ سنگھ نے دکھ ظاہر کیا
دفاعی وزیر راج ناتھ سنگھ نے بھی ایکس پر اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ دبئی ایئر شو میں فضائی مظاہرے کے دوران ایک بہادر اور دلیر ہندُستانی فضائیہ کے پائلٹ کی موت کی خبر بے حد افسوسناک ہے۔ سوگوار خاندان کے ساتھ میری گہری ہمدردی ہے۔ اس مشکل گھڑی میں پورا ملک ان کے خاندان کے ساتھ کھڑا ہے۔
ونگ کمانڈر کے والد نے کیا کہا؟
ونگ کمانڈر سیال کے والد جگن ناتھ سیال اپنے بیٹے کی پرفارمنس کا ویڈیو یوٹیوب پر تلاش کر رہے تھے، تبھی انہیں حادثے کی خبر ملی۔ سوچئیے، ایک فخر سے بھرپور باپ اپنے بیٹے کے اس خاص لمحے کو دیکھنے کے لیے بے تاب تھا، لیکن اسے یہ دل دہلا دینے والی اطلاع ملی کہ اس کا بیٹا ہمیشہ کے لیے رخصت ہو چکا ہے۔
 انہوں نے بتایا کہ میں نے کل ہی اپنے بیٹے سے آخری بار بات کی تھی۔ اس نے کہا تھا کہ ٹی وی چینلوں یا یوٹیوب پر اس کا مظاہرہ ضرور دیکھنا۔ آج شام تقریباً 4 بجے میں یوٹیوب پر دبئی ایئر شو کے ویڈیوز دیکھ رہا تھا کہ مجھے طیارہ حادثے کی خبریں دکھائی دیں۔ میں نے فوراً اپنی بہو کو—جو خود بھی ونگ کمانڈر ہیں فون کر کے پوچھا کہ کیا ہوا ہے۔ کچھ ہی دیر بعد کم از کم چھ فضائیہ کے افسر ہمارے گھر آئے اور تب مجھے اندازہ ہوا کہ میرے بیٹے کے ساتھ کوئی بڑی انہونی ہو گئی ہے۔
نمن سیال کون تھے؟
نمن سیال 34 سال کے تھے اور ہماچل پردیش کے ضلع کنگڑا کی تحصیل نگروٹا بگواں کے گاؤں پٹیالکاڑھ کے رہنے والے تھے۔ ان کی اہلیہ بھی ہندُستانی فضائیہ میں بطور سینئر افسر خدمات انجام دے رہی ہیں۔ ان کے خاندان میں اہلیہ، ان کی چھ سالہ بیٹی اور ان کے والدین شامل ہیں۔
ان کے والد، جگن ناتھ سیال خود بھی ہندُستانی فضائیہ کے ریٹائرڈ افسر ہیں اور بعد میں محکمہ تعلیم میں پرنسپل کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔