پٹنہ/ آواز دی وائس
نہار اسمبلی انتخابات 2025 میں راشٹریہ جنتا دل کو بڑی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ آر جے ڈی صرف 25 نشستوں تک محدود رہ گئی۔ انتخابی نتائج سامنے آنے کے بعد اب لالو خاندان کے اندر کھٹ پٹ شروع ہو گئی ہے۔ لالو کی چھوٹی بیٹی اور تیجسوی کی بہن روہنی آچاریہ نے ایکس پر ایک پوسٹ کر کے سیاسی ہلچل مچا دی ہے۔
روہنی آچاریہ نے اپنے خاندان سے رشتہ توڑنے کی بات کہہ دی ہے۔ روہنی نے ایکس پر لکھا کہ میں سیاست چھوڑ رہی ہوں اور اپنے خاندان سے ناتا توڑ رہی ہوں۔ سنجے یادو اور رمیز نے مجھ سے یہی کرنے کو کہا تھا اور میں سارا الزام اپنے اوپر لے رہی ہوں۔ یہ قدم نہ صرف لالو خاندان بلکہ پورے بہار کی سیاست میں ایک بڑے بدلاؤ کی طرف اشارہ کرتا ہے۔
تیج پرتاپ پہلے ہی بغاوت کر چکے، اب روہنی نے بھی سیاست چھوڑی
لالو یادو کے خاندان اور راشٹریہ جنتا دل میں اختلافات کوئی نئی بات نہیں ہے۔ تاہم پچھلے کچھ عرصے میں جس طرح سیاسی حالات بدلے ہیں، اس سے یہ صاف ظاہر ہے کہ آر جے ڈی کے اندر بہت کچھ ٹھیک نہیں ہے۔ ان واقعات نے پارٹی کی اندرونی کمزوریوں کو سامنے لا دیا ہے۔
لالو یادو کے بڑے بیٹے تیج پرتاپ یادو پہلے ہی پارٹی اور خاندان سے الگ ہو چکے ہیں۔ لالو یادو نے خود انہیں بے دخل کیا تھا۔ اس کے بعد بہار انتخابات سے پہلے انہوں نے اپنی الگ پارٹی ’جنشکتی جنتا دل‘ بنائی اور آر جے ڈی کے خلاف کھل کر انتخابات لڑے۔ لیکن وہ اپنی ہی سیٹ پر شکست کھا گئے۔ دوسری طرف روہنی آچاریہ کے فیصلے نے لالو خاندان کی یکجہتی پر بڑا سوال کھڑا کر دیا ہے۔
آر جے ڈی کی قیادت پر سوال
بتایا جا رہا ہے کہ روہنی آچاریہ نے براہِ راست تیجسوی یادو کے سب سے قریبی سمجھے جانے والے آر جے ڈی کے راجیہ سبھا رکنِ پارلیمان سنجے یادو پر الزامات لگائے ہیں۔ سنجے یادو کو آر جے ڈی کی حکمتِ عملی اور انتخابی منصوبہ بندی کا "دماغ" بھی کہا جاتا ہے۔ اب روہنی کے ان الزامات کے بعد پارٹی پر دباؤ بڑھ گیا ہے کہ وہ صورتِ حال کو واضح کرے۔