مظفرپور: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے صاحب گنج، مظفرپور میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کیا۔ اس دوران انہوں نے این ڈی اے امیدوار کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کی اور مہاگٹھ بندھن پر زبردست حملہ بولا۔ امت شاہ نے کہا: "میں بابا غریب ناتھ دھام کو پرنام کر کے اپنی تقریر کا آغاز کرتا ہوں۔" انہوں نے کہا کہ ستامڑھی میں ماں سیتا کا شاندار مندر تعمیر کیا جائے گا۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ 6 نومبر کو ووٹ ڈالنا ہے "آپ کا ووٹ کسی کو ایم ایل اے یا وزیر بنانے کے لیے نہیں بلکہ بہار کو جنگل راج سے نکالنے کے لیے ہونا چاہیے۔" انہوں نے کہا کہ لالو-رابڑی کے 15 سالہ دورِ حکومت میں بہار کا زوال ہوا تھا، اور اب وہی "جنگل راج" نئے بھیس میں واپس آنے کی کوشش کر رہا ہے۔ "اگر مظفرپور والے یہ عہد کر لیں کہ این ڈی اے کو جتوانا ہے، تو کوئی بھی جنگل راج واپس نہیں لا سکتا۔"
امت شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی جوڑی نے بہار میں بے مثال ترقی کی ہے۔ "ایمز، ایئرپورٹ، میٹرو، پاور پلانٹ جیسے کئی تحفے بہار کو دیے گئے۔ نریندر مودی نے بہار کو جنگل راج سے نکال کر ترقی کی راہ پر ڈال دیا۔"
انہوں نے کہا کہ مودی کے دورِ حکومت میں مظفرپور کی لیچی آج دنیا بھر میں اپنی مٹھاس پھیلا رہی ہے "یہ سب لالو-رابڑی کے دور میں ممکن نہیں تھا۔" امت شاہ نے یاد دلایا کہ لالو-رابڑی حکومت کے دوران آئی اے ایس افسر جی کرشنیا کو پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا گیا تھا۔
انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا: "اگر لالو کا بیٹا پھر سے وزیر اعلیٰ بنتا ہے تو بہار میں تین نئے محکمے کھلیں گے ۔ ایک اغوا کا، دوسرا بھتہ خوری (رنگداری) کا، اور تیسرا قتل کو فروغ دینے والا محکمہ!۔ انہوں نے کہا کہ اگر پی ایم مودی اور سی ایم نتیش کی قیادت میں حکومت بنی، تو سیلاب سے آزاد بہار کے لیے ایک نیا محکمہ قائم کیا جائے گا۔
امت شاہ نے کہا کہ لالو پرساد یادو اور سونیا گاندھی کو صرف اپنے بیٹوں کی فکر ستا رہی ہے۔ "لالو اپنے بیٹے تیجسوی کو وزیر اعلیٰ بنانا چاہتے ہیں، اور سونیا گاندھی اپنے بیٹے راہل گاندھی کو وزیر اعظم بنانا چاہتی ہیں۔ لیکن دونوں کو بتا دوں یہاں کوئی کرسی خالی نہیں!"
انہوں نے کہا: "وزیر اعظم کی کرسی پر مودی جی ہیں، اور وزیر اعلیٰ کی کرسی پر نتیش جی ہیں۔ دونوں میں کوئی جگہ خالی نہیں اور نہ ہونے والی ہے۔ جو لوگ دن میں خواب دیکھ رہے ہیں، وہ خواب دیکھنا چھوڑ دیں۔" امت شاہ نے اعتماد کے ساتھ کہا کہ بہار کی عوام دوبارہ این ڈی اے کی حکومت لانے جا رہی ہے۔