لکھیم پورتشدد معاملےمیں یوپی حکومت گواہوں کو تحفظ فراہم کرے:سپریم کورٹ

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 26-10-2021
لکھیم پورتشدد معاملےمیں یوپی حکومت گواہوں کو تحفظ فراہم کرے:سپریم کورٹ
لکھیم پورتشدد معاملےمیں یوپی حکومت گواہوں کو تحفظ فراہم کرے:سپریم کورٹ

 

 

آواز دی وائس،  نئی دہلی

 سپریم کورٹ نے منگل کو لکھیم پور کھیری قتل کیس میں اتر پردیش حکومت کے ’ڈھیلے‘ رویے پر ایک بار پھر کئی سوالات اٹھائے اور گواہوں کو مناسب تحفظ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ تفتیش میں تیزی لانے کا حکم دیا۔

چیف جسٹس این وی رمن کی سربراہی والی بنچ نے حکومت کو حکم دیا کہ سی آر پی سی کی دفعہ 164 کے تحت گواہوں کی گواہی کے عمل میں تیزی لائی جائے عدالت نے پی آئی ایل کی سماعت کے دوران کہا کہ اگر سی آر پی سی کی دفعہ 164 کے تحت گواہوں کے بیانات ریکارڈ کرنے کے لیے عدالتی افسر متعلقہ علاقے میں دستیاب نہیں ہے تو ضلع جج کو دفعہ 164 کے تحت بیان ریکارڈ کرنے کی ضرورت ہے۔

قریبی علاقے کا کوئی اور مجسٹریٹ اس کا انتظام کر سکتا ہے۔ بنچ نے کہا کہ ہم اترپردیش حکومت کو گواہوں کے لیے مناسب حفاظتی انتظامات کرنے کا حکم دیتے ہیں، عدالت کے اس بیان پر اترپردیش حکومت کی طرف سے پیش ہونے والے سینئر وکیل ہریش سالوے نے کہا کہ سیکورٹی دی جارہی ہے۔

سپریم کورٹ میں اسی سماعت کے دوران ایڈوکیٹ ارون بھاردواج نے اس سانحہ میں مارے گئے شیام سندر کی بیوہ روبی دیوی کی طرف سے پیش ہوئے اور انصاف کی فریاد کی۔

انہوں نے کہا کہ ان کی موکلہ کو دھمکیاں دی جارہی ہیں، قاتل آزاد گھوم رہے ہیں۔