نئی دہلی: کانگریس کی خواتین ونگ نے لوک سبھا کی موجودہ 543 نشستوں کی بنیاد پر خواتین کے لیے 33 فیصد ریزرویشن فوری طور پر نافذ کرنے کے مطالبے کے ساتھ بدھ کو ‘پوسٹ کارڈ مہم’ کا آغاز کیا، جس کے تحت 10 لاکھ خواتین کی جانب سے وزیر اعظم نریندر مودی کے پتے پر پوسٹ کارڈ بھیجنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
آل انڈیا مہلا کانگریس کی صدر الکا لامبا، کانگریس کے درج فہرست محکمہ کے سربراہ راجندر پال گوتم اور او بی سی محکمہ کے صدر انیل جیہند نے یہاں اس مہم کا آغاز کیا۔ الکا لامبا نے کہا کہ یہ پوسٹ کارڈ خواتین وزیر اعظم کی سرکاری رہائش ‘7، لوک کلیان مارگ’ پر بھیجیں گی اور ‘ناری شکتی وندن ایکٹ، 2023’ کو فوری نافذ کرنے کے ساتھ ساتھ اس میں ایس سی، ایس ٹی کے علاوہ او بی سی خواتین کے لیے علیحدہ ریزرویشن کی شق شامل کرنے کا مطالبہ کریں گی۔
انہوں نے صحافیوں سے کہا، “ہماری مانگ ہے کہ لوک سبھا کی 543 نشستوں پر خواتین ریزرویشن فوراً نافذ کیا جائے، او بی سی طبقے کی خواتین کو بھی اس میں شامل کیا جائے، ذات پر مبنی مردم شماری کرائی جائے اور اسی بنیاد پر حلقہ بندی (ڈلیمیٹیشن) کی جائے۔” آل انڈیا مہلا کانگریس کی صدر نے کہا کہ ان کی تنظیم کی یہ مہم مئی اور جون کے مہینوں میں جاری رہے گی۔
الکا لامبا نے کہا کہ حکومت پارلیمنٹ کا آئندہ مانسون اجلاس یا خصوصی اجلاس بلا کر خواتین ریزرویشن کو نافذ کر سکتی ہے۔ حکومت خواتین ریزرویشن کو سال 2029 سے نافذ کرنے سے متعلق ایک آئینی ترمیمی بل گزشتہ بجٹ اجلاس میں پارلیمنٹ میں پیش کر چکی ہے، تاہم یہ منظور نہیں ہو سکا۔ اپوزیشن نے یہ کہتے ہوئے اس کی سخت مخالفت کی کہ خواتین ریزرویشن کے نام پر حلقہ بندی مسلط کی جا رہی ہے۔ لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی نے الزام لگایا کہ آئینی ترمیمی بل کے ذریعے بھارت کے انتخابی نقشے کو بدلنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔