جموں۔ صحافی عرفاز کا مکان ہوا مہندم ۔ تو کلدیپ نے دیا زمین کا تحفہ

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 28-11-2025
جموں۔  صحافی عرفاز کا مکان  ہوا مہندم ۔ تو کلدیپ نے دیا  زمین  کا تحفہ
جموں۔ صحافی عرفاز کا مکان ہوا مہندم ۔ تو کلدیپ نے دیا زمین کا تحفہ

 



نئی دہلی۔ جموں کے ایک مقامی ہندو نے عرفاز احمد ڈینگ کو زمین کا ایک پلاٹ پیش کیا ہے۔ عرفاز ایک صحافی ہیں جن کا گھر جمعرات کو شہر کے نروال علاقے میں گرایا گیا تھا اور اس واقعے نے تمام برادریوں میں شدید غم و غصے کو جنم دیا تھا۔ عرفاز  نیوز سحر انڈیا نامی ڈیجیٹل نیوز چینل چلاتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ تین مرلہ پر بنا ان کا گھر واحد غیر مجاز تعمیر نہیں تھا لیکن نشانہ بنا کر اسے گرایا گیا۔ خاندان کو نہ وقت دیا گیا اور نہ کوئی نوٹس دیا گیا۔

گلویندر کی جانب سے ایکس پر شیئر کی گئی ویڈیو میں مقامی ڈوگرا کلدیپ کمار کو جذباتی حالت میں دکھایا گیا ہے۔ وہ انتقامی انہدام پر افسوس کرتے نظر آئے۔کلدیپ کمار نے عرفاز احمد ڈینگ کو گلے لگایا اور کہا کہ وہ اپنے بھائی کو سڑک پر نہیں رہنے دیں گے۔ ان کا دل ان معصوم بچوں کی حالت دیکھ کر روتا ہے جو حکام کی کارروائی سے بے گھر ہوگئے ہیں۔

کلدیپ نے اپنی بیٹی سے پانچ مرلہ زمین کے کاغذات عرفاز کے حوالے کروائے اور میڈیا کے سامنے اعلان کیا کہ وہ یہ زمین قانونی طور پر اپنے بھائی کو منتقل کریں گے۔ ویڈیو میں وہ بی جے پی اور عمر عبداللہ حکومت کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے نظر آئے کیونکہ عرفاز کے خاندان کے بچے شدید سردی میں بے گھر ہوگئے ہیں۔

عرفاز کی شہرت اس بات کی ہے کہ وہ منشیات اور ریت مافیا کے خلاف آواز اٹھاتے رہے ہیں۔ جمعرات کے روز انہوں نے انہدام کی کارروائی کو لائیو دکھایا جب جے ڈی اے کا عملہ تقریباً 500 پولیس اہلکاروں اور بلڈوزروں کے ساتھ وہاں پہنچا تھا۔ بعد میں انہوں نے میڈیا والوں کو بتایا کہ پوری بستی غیر منظم ہے لیکن حکام نے انہدام کے لئے ان کے والد کے گھر کا انتخاب کیا۔ ہمارا خاندان چار دہائیوں سے یہاں رہ رہا تھا اور ہمارا گھر شہر کا واحد غیر قانونی گھر نہیں ہے۔

متعدد رہنماؤں جن میں سی پی آئی ایم کے ایم وائی تاریگامی اور پی ڈی پی کے واحد پارہ شامل ہیں انہوں نے بھی ایک صحافی کے گھر کو گرانے کی مذمت کی ہے۔انہوں نے اور ان کے بھائیوں نے عملے سے درخواست کی کہ انہیں اپنا سامان نکالنے کا وقت دیا جائے لیکن کسی نے ان کی بات نہ سنی۔

کلدیپ نے یہ بھی کہا کہ سیاست دان جموں کے لوگوں کو تقسیم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وہ ہندوؤں اور مسلمانوں کو آمنے سامنے لا کر بھائی چارے کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔