کولکتہ: کالج کیمپس میں طالبہ سے گینگ ریپ

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 27-06-2025
کولکتہ: کالج کیمپس میں طالبہ سے گینگ ریپ
کولکتہ: کالج کیمپس میں طالبہ سے گینگ ریپ

 



کولکتہ/ آواز دی وائس
کولکتہ میں لاء کی تعلیم حاصل کرنے والی ایک طالبہ کے ساتھ اجتماعی زیادتی کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔ یہ واقعہ خود کالج کیمپس کے اندر پیش آیا۔ پولیس نے اس معاملے میں شامل تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، جن میں دو طالبعلم بھی شامل ہیں۔ تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزمان گزشتہ کچھ دنوں سے طالبہ پر نظر رکھے ہوئے تھے۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ 25 جون کا ہے۔
واقعے کے بعد فورینزک ٹیم نے جائے وقوعہ کو سیل کر دیا ہے اور تمام ملزمان کے موبائل فونز ضبط کر لیے گئے ہیں۔ اس سانحے کے بعد مغربی بنگال میں سیاسی کشمکش شروع ہو گئی ہے۔ بی جے پی نے اس واقعے کے لیے ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) پر الزام لگایا ہے اور وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کو نشانہ بنایا ہے۔ بی جے پی کا دعویٰ ہے کہ اس گینگ ریپ میں ٹی ایم سی کا کارکن بھی ملوث ہے۔ بی جے پی کا کہنا ہے کہ ممتا بنرجی کے اقتدار میں خواتین خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہی ہیں۔ فی الحال پولیس اس پورے معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ کولکتہ میں طالبات کے ساتھ زیادتی کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ پچھلے سال آر جی کار میڈیکل کالج میں بھی ایک طالبہ کے ساتھ زیادتی کے بعد اس کا قتل کر دیا گیا تھا۔ اس کیس میں پولیس نے مرکزی ملزم سنجے رائے کو گرفتار کیا تھا، جسے بعد میں سیالدہ کورٹ نے عمر قید کی سزا سنائی اور 50 ہزار روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا۔ سنجے رائے کو جرم ثابت ہونے کے 164 دن بعد سزا سنائی گئی تھی۔
تاہم عدالت نے اس کیس کو "ریریسٹ آف دی ریئر" ماننے سے انکار کر دیا اور کہا کہ چونکہ یہ اس زمرے میں نہیں آتا، اس لیے سزائے موت نہیں دی جا سکتی۔ مقامی عدالت نے ریاستی حکومت کو حکم دیا کہ وہ متاثرہ خاندان کو 17 لاکھ روپے کا معاوضہ دے، لیکن متاثرہ کے خاندان نے یہ معاوضہ لینے سے انکار کر دیا۔