کولکتہ ریپ کیس: سمبت پاترا کا ممتا بنرجی پر بڑا حملہ

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 28-06-2025
کولکتہ ریپ کیس: سمبت پاترا کا ممتا بنرجی پر بڑا حملہ
کولکتہ ریپ کیس: سمبت پاترا کا ممتا بنرجی پر بڑا حملہ

 



کولکتہ / آواز دی وائس
جنوبی کولکتہ لاء کالج میں ایک طالبہ کے ساتھ مبینہ اجتماعی زیادتی کے واقعے نے مغربی بنگال کی سیاست کو ایک بار پھر ہلا کر رکھ دیا ہے۔ اس واقعے کو لے کر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے حکمراں جماعت ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) اور وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی پر سخت حملہ کیا ہے۔
بی جے پی کے ترجمان ڈاکٹر سمبت پاترا نے دہلی میں ایک پریس کانفرنس میں اس واقعے کو "ریاستی سرپرستی میں کیا گیا جرم" قرار دیتے ہوئے الزام لگایا کہ اہم ملزم کا تعلق ٹی ایم سی کی اسٹوڈنٹ ونگ سے ہے۔ پاترا نے ممتا بنرجی سے معافی اور استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا، "اگر ایک وزیر اعلیٰ خواتین کی حفاظت یقینی نہیں بنا سکتی تو انہیں اقتدار میں رہنے کا اخلاقی حق نہیں۔
اجتماعی زیادتی کو ریاستی سرپرستی والا جرم قرار
پاترا نے کہا کہ جس ریاست میں ایک خاتون وزیر اعلیٰ ہو، وہاں خواتین کی سلامتی کو اولین ترجیح ملنی چاہیے، لیکن یہ انتہائی بدقسمتی کی بات ہے کہ بنگال میں ایک طالبہ کے ساتھ اتنا وحشیانہ سلوک ہوا، جو اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ مجرموں کو سیاسی تحفظ حاصل ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ متاثرہ کے بیان سے صاف ہے کہ نہ صرف اس کے ساتھ جسمانی زیادتی ہوئی بلکہ مجرموں نے اسے ہاکی اسٹک سے پیٹا اور اسپتال تک لے جانے کی اجازت نہیں دی۔ پاترا نے اس بربریت کو "خوفناک فلم جیسا ظلم" قرار دیا۔
ٹی ایم سی لیڈر پر سنگین الزام
بی جے پی ترجمان نے مرکزی ملزم منوجیت مشرا کو ٹی ایم سی اسٹوڈنٹ ونگ (ٹی ایم سی پی) کا سابق سیکریٹری قرار دیتے ہوئے الزام لگایا کہ یہ واردات سیاسی سازش کا نتیجہ ہے۔ ان کے مطابق، منوجیت مشرا کو کئی مواقع پر ٹی ایم سی لیڈروں جیسے ابھیشیک بنرجی اور چندریما بھٹاچاریہ کے ساتھ دیکھا گیا ہے۔
ٹی ایم سی لیڈر کلیان بنرجی کے بیان پر تنقید
سمبت پاترا نے ٹی ایم سی کے ممبر پارلیمنٹ کلیان بنرجی کے اس بیان پر بھی ناراضی ظاہر کی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اگر کوئی ہم جماعت اپنے دوست کا ریپ کرتا ہے تو ہم کیا کر سکتے ہیں؟" پاترا نے اس بیان کو شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ صرف متاثرہ نہیں بلکہ پورے ملک کی خواتین کی توہین ہے۔
بی جے پی کی جانچ کمیٹی تشکیل
بی جے پی نے قومی سطح پر سرگرمی دکھاتے ہوئے پارٹی صدر جے پی نڈا کی ہدایت پر ایک چار رکنی جانچ کمیٹی تشکیل دی ہے، جس میں سابق مرکزی وزیر ستپال سنگھ، مرکزی وزیر مینکشی لیکھی، ممبر پارلیمنٹ بپلب دیو اور منن مشرا شامل ہیں۔ یہ ٹیم جلد متاثرہ مقام کا دورہ کر کے اپنی رپورٹ پارٹی صدر کو سونپے گی۔
بہار میں ووٹر لسٹ پر بھی بیان
بہار میں ووٹر لسٹ میں ترمیم کے معاملے پر پاترا نے کہا کہ کچھ لوگ عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے اوویسی پر بھی طنز کیا کہ ابھی وہ بیرون ملک سے ملک کی عزت بڑھا کر آئے ہیں، انہیں انتشار پھیلانے کے بجائے اس عزت کو قائم رکھنا چاہیے۔
انہوں نے یہ بھی یاد دلایا کہ ایمرجنسی کے وقت اندرہ گاندھی نے آئین بدلنے کی بات کہی تھی۔ پاترا کے مطابق، آج جو لوگ آئین کے تحفظ کی بات کرتے ہیں، انہیں پہلے یہ تاریخ سمجھنی چاہیے۔