کولکتہ پولیس نے تہواروں کے پیش نظر سیکورٹی بڑھائی

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 10-09-2025
کولکتہ پولیس نے تہواروں کے پیش نظر سیکورٹی بڑھائی
کولکتہ پولیس نے تہواروں کے پیش نظر سیکورٹی بڑھائی

 



کولکتہ/ آواز دی وائس
کولکتہ پولیس نے تہواروں کے پیش نظر سکیورٹی بڑھاتے ہوئے گاڑیوں پر نصب ’ایکس رے بیگیج اسکینر‘ آلات کی تعیناتی جیسے اقدامات کیے ہیں۔ ایک سینئر افسر نے بدھ کے روز یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ تقریباً دو کروڑ روپے کی لاگت سے ایسے قابلِ نقل (پورٹیبل) اسکینرز کی دو یونٹیں نصب کی گئی ہیں، جن کا مقصد زیادہ آمدورفت والے علاقوں میں بیگوں کی "فوری اور مؤثر" جانچ کو یقینی بنانا ہے۔
پولیس افسر نے بتایا کہ دُرگا پوجا یا سیاسی ریلیوں جیسے بڑے پروگراموں کے دوران لوگوں کی تعداد کئی گنا بڑھ جاتی ہے۔ ایسے میں ہر بیگ کو ایک ایک کر کے چیک کرنا ناممکن ہو جاتا ہے۔ ایسی صورت میں ہمیں ایک ایسے نظام کی ضرورت ہے جو متحرک ہو اور تیزی سے بڑی تعداد میں اسکیننگ کرنے کے قابل ہو۔
نئے ’ایکس رے بیگیج اسکینر‘ کے بارے میں بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ مشینیں ایئر کنڈیشنڈ گاڑیوں پر لگائی جاتی ہیں اور انہیں ریلیوں یا سیاحتی مقامات جیسے زیادہ بھیڑ والے علاقوں میں لے جایا جا سکتا ہے۔ کلکتہ پولیس کے ایک افسر نے کہا کہ ان پورٹیبل اسکینرز کی مدد سے ہم کسی بھی جگہ تیزی سے پہنچ سکتے ہیں اور بغیر کسی رکاوٹ کے سامان کی مکمل جانچ کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر یونٹ فی گھنٹہ 300 بیگ تک ’اسکین‘ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، جو انسانی صلاحیت کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔ افسر نے کہا کہ نئے اسکینر ان پرانی شکایات کا بھی حل فراہم کریں گے جو ذاتی اشیاء کو نقصان پہنچنے کے حوالے سے ملتی رہی ہیں۔
افسر نے کہا کہ ایسی شکایات موصول ہوئی تھیں کہ ’ایکس رے اسکیننگ‘ کے باعث کیمرا فلمیں خراب ہو جاتی تھیں یا موبائل ڈیوائسز کے میموری کارڈ خراب ہو جاتے تھے۔ اب اپ ڈیٹ کی گئی ٹیکنالوجی میں ایسی مشکلات کو روکنے کے لیے حفاظتی اقدامات شامل ہیں، تاکہ اسکین کے دوران حساس ڈیٹا محفوظ رہے۔