کولکتہ:کولکتہ پولیس نے دیبانشو بسواس کو گرفتار کر لیا ہے، جو شہر کے دشاپریا پارک علاقے میں پیش آئے مبینہ گینگ ریپ کیس کا مرکزی ملزم ہے۔ ایک پولیس افسر نے جمعہ کو یہ اطلاع دی۔اس سے قبل ایک اور ملزم چندن ملک کو بردوان ریلوے اسٹیشن سے حراست میں لیا گیا تھا۔افسر نے بتایا کہ خفیہ اطلاع ملنے پر ہم نے دیبانشو بسواس کو دشاپریا پارک علاقے میں دیکھا اور جمعرات کی رات اسے گرفتار کر لیا۔ آج اسے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
پولیس کے مطابق تفتیش جاری ہے تاکہ یہ جانا جا سکے کہ کیا اس جرم میں اور لوگ بھی ملوث ہیں۔یہ مقدمہ اس وقت درج کیا گیا جب متاثرہ لڑکی نے ہری دیوپور پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی۔ شکایت میں کہا گیا کہ چندن ملک، جس سے اس کی ملاقات چند ماہ پہلے ہوئی تھی، اور اس کا ایک دوست دیبانشو بسواس، اس جرم کے ذمہ دار ہیں۔افسر کے مطابق متاثرہ نے بتایا کہ چندن نے خود کو جنوبی کولکتہ کی ایک بڑی درگا پوجا کمیٹی کا منتظم بتایا تھا۔ اسی کے ذریعے اس کی ملاقات دیبانشو سے ہوئی اور دونوں کے درمیان رابطہ بڑھتا گیا۔
5 ستمبر کو، جو متاثرہ کی سالگرہ کا دن تھا، ملزمان نے مبینہ طور پر اسے ایک پارٹی میں مدعو کیا اور بعد میں ریجنٹ پارک کے ایک فلیٹ میں لے گئے، جہاں یہ واقعہ پیش آیا۔افسران نے بتایا کہ متاثرہ گھر واپس لوٹنے کے بعد فوراً پولیس کو اطلاع دے دی۔