کولکتہ : ہمایوں کبیر انسٹی ٹیوٹ میں شاندار مشاعرے کا انعقاد

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 20-08-2026
 کولکتہ :  ہمایوں کبیر انسٹی ٹیوٹ میں شاندار مشاعرے کا انعقاد
کولکتہ : ہمایوں کبیر انسٹی ٹیوٹ میں شاندار مشاعرے کا انعقاد

 



کولکتہ : ایاز احمد روہوی
شہر کے معروف علمی و ثقافتی ادارے 'ہمایوں کبیر انسٹی ٹیوٹ' کے زیرِ اہتمام جشن ِ آزادی کے پُرمسرت موقعے پر سالانہ مشاعرے کا شاندار انعقاد کیا گیا۔ یہ ادبی محفل شام سات بجے شروع ہوئی اور رات ساڑھے دس بجے تک جاری رہی۔ مشاعرے کی صدارت کے فرائض شہر کی ممتاز علمی، ادبی و صحافتی شخصیت اور دوردرشن کے سابق ڈائریکٹر جناب خورشید ملک نے انجام دیئے، جبکہ نظامت کے فرائض معروف شاعر جناب ضمیر یوسف نے اپنے منفرد اور سحر انگیز اندازِ بیاں میں ادا کیے۔
اس یادگار مشاعرے میں شہر کے مایہ ناز اور مقبول شعراء کرام نے اپنے بہترین کلام سے حاضرین کے دل جیت لیے۔ محفل کی خاص بات یہ تھی کہ تمام سامعین اول تا آخر یکسوئی سے نشستوں پر جمے رہے اور شعراء کو دل سے کھل کر داد و تحسین سے نوازتے رہے۔ یوں یہ مشاعرہ ہر لحاظ سے انتہائی کامیاب اور یادگار ثابت ہوا۔
بارگاہِ سخن میں اپنا اچھوتا کلام پیش کر کے سامعین کو محظوظ کرنے والے شعراء کرام میں جناب عقیل احمد عقیل، جناب مشتاق دربھنگوی، جناب خورشید ندوی، جناب علی شاہد دلکش، جناب احمد معراج اور شاعرات میں محترمہ فرزانہ پروین شامل تھیں۔ اس شعری نشست کو کامیابی سے ہمکنار کرنے میں ادارے کے جنرل سیکریٹری جناب محمد عزیز الحق، لٹریری سیکریٹری ایاز احمد روہوی اور انتظامیہ کے جملہ اراکین نے پیش پیش رہ کر نمایاں خدمات انجام دیں۔