نئی دہلی
گجرات ٹائٹنز کے اسسٹنٹ کوچ وجے دہیا نے ویرات کوہلی کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سابق کپتان کی لگن اور اپنے کھیل کو مسلسل بہتر بنانے کی خواہش انہیں دوسروں سے ممتاز بناتی ہے۔رائل چیلنجرز بنگلورو (آر سی بی) کے بلے باز کوہلی نے 44 گیندوں پر 81 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس کی بدولت ان کی ٹیم نے گجرات کو پانچ وکٹوں سے شکست دی۔ انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔
میچ کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے دہیا نے کہا کہ میچ کے بعد وہ کہہ رہے تھے کہ وہ اس اننگز کو سنچری میں تبدیل کر سکتے تھے، اس سے ان کی ذہنیت کا اندازہ ہوتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جب آپ کھیل کی صورتحال کو اپنے قابو میں کر لیتے ہیں تو پھر آپ بولرز کو اپنی مرضی کے مطابق گیند بازی کرنے پر مجبور کر سکتے ہیں۔ اس وکٹ پر کھیلنا آسان نہیں تھا، لیکن انہوں نے اسے آسان بنا دیا، جو واقعی حیرت انگیز ہے۔
دہیا نے اس بات پر بھی زور دیا کہ یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ کوہلی نے یہ اننگز عالمی معیار کے بولرز کے خلاف کھیلی۔انہوں نے کہا کہ اچھا کرنے کی ان کی خواہش، ان کی ذہنیت انہیں دوسروں سے الگ کرتی ہے۔ وہ اب بھی تیزی سے رنز لینے میں ماہر ہیں اور نوجوان کھلاڑیوں کو اضافی رنز حاصل کرنے کے لیے مسلسل حوصلہ دیتے ہیں۔ ان کی یہی لگن اور جذبہ انہیں سب سے ممتاز بناتا ہے۔