کشتواڑ : بچاؤ اور امدادی کارروائیاں مسلسل چوتھے روز بھی جاری

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 17-08-2025
کشتواڑ : بچاؤ اور امدادی کارروائیاں مسلسل چوتھے روز بھی جاری
کشتواڑ : بچاؤ اور امدادی کارروائیاں مسلسل چوتھے روز بھی جاری

 



 جموں: جموں و کشمیر کے ضلع کشتواڑ میں بادل پھٹنے سے متاثرہ چسوتی گاؤں میں اتوار کو مسلسل چوتھے دن بھی بڑے پیمانے پر راحت اور بچاؤ کی کارروائیاں جاری رہیں۔ حکام کے مطابق فوج، این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف، پولیس اور سول انتظامیہ پوری توانائی کے ساتھ امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

یاد رہے کہ کشتواڑ کا یہ دور افتادہ گاؤں، جو مچیل مندر کی طرف جانے والا آخری موٹربل گاؤں ہے، جمعرات کو بادل پھٹنے اور اس کے نتیجے میں آنے والے مہلک فلیش فلڈ سے شدید تباہی کا شکار ہوا تھا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس قدرتی آفت میں اب تک 60 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں سی آئی ایس ایف کے تین اہلکار اور ایک پولیس اسپیشل آفیسر بھی شامل ہیں، جبکہ 82 افراد ابھی تک لاپتہ ہیں۔ ریسکیو ٹیموں نے اب تک 167 افراد کو محفوظ نکالا ہے جن میں بعض شدید زخمی ہیں۔ کارروائی کو تیز کرنے کے لیے فوج اور ریسکیو اہلکاروں نے ہفتے کے روز دھماکہ خیز مواد کے ذریعے ملبے تلے دبے بڑے پتھروں کو ہٹا دیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ پر مزید فوجی دستے بھی تعینات کیے گئے ہیں تاکہ ریسکیو آپریشن میں مزید رفتار لائی جا سکے۔ دریں اثنا، وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ہفتے کو متاثرہ علاقے کا دورہ کرکے امدادی کاموں کا جائزہ لیا اور متاثرین کے لیے ایکس گریشیا ریلیف کا اعلان کیا۔ اس سے قبل مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے بھی جمعہ کی رات متاثرہ گاؤں پہنچ کر فوج، پولیس، این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف، بارڈر روڈز آرگنائزیشن اور مقامی رضاکاروں کے ساتھ جاری مشترکہ کارروائیوں کا معائنہ کیا۔