توہین مذہب پر قتل ...اسلام کی توہین ہے: ہندوستانی اسلامی اسکالرز نے بنگلہ دیش میں لنچنگ کی مذمت کی
نئی دہلی/ آواز دی وائس
بنگلہ دیش میں مبینہ توہینِ مذہب کے الزام میں ایک ہندو مزدور کے بہیمانہ قتل نے پورے برِصغیر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ اس دل دہلا دینے والے واقعے پر ہندوستان کے سرکردہ مسلم مذہبی رہنماؤں نے سخت ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام کے نام پر اس طرح کی تشدد آمیز کارروائیاں نہ صرف سنگین جرم ہیں بلکہ خود اسلامی تعلیمات کی کھلی توہین بھی ہیں۔
یہ واقعہ ضلع میمن سنگھ کے بھالُکا علاقے کا ہے، جہاں ایک کپڑے کے کارخانے کے باہر 25 سالہ دیپو چندر داس کو مبینہ طور پر اسلام کے خلاف توہین آمیز تبصرہ کرنے کے الزام میں مشتعل ہجوم نے پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا۔ عینی شاہدین کے مطابق لنچنگ کے دوران بربریت کی تمام حدیں پار کر دی گئیں، جس نے انسانیت کو شرمسار کر دیا۔ اس قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے جمعیت علمائے ہند کے صدر مولانا محمود مدنی نے اسے “انتہائی شرمناک” قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ جب مسلمان اس طرح کے لنچنگ کے عمل کو انجام انجام دیتے ہیں تو ہمیں شرم سے سر جھکانا پڑتا ہے۔ اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
مولانا مدنی نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ کسی بھی مہذب معاشرے میں کسی انسان کو دوسرے انسان کی جان لینے کا حق حاصل نہیں ہے۔ چاہے الزام کتنا ہی سنگین کیوں نہ ہو، سزا دینے کے لیے ایک قانونی طریقۂ کار ہوتا ہے اور اسی پر عمل ہونا چاہیے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر مجرم مسلمان ہوں اور متاثرہ فرد غیر مسلم، تو یہ جرم اور بھی زیادہ گھناؤنا ہو جاتا ہے۔ کسی کی جان لینا یا اسے ذلیل کرنا اسلام میں جائز نہیں ہے۔ اسلام کسی بھی قیمت پر اس طرح کی تشدد کی اجازت نہیں دیتا۔ مولانا مدنی نے اس بات پر تشویش ظاہر کی کہ برِصغیر میں انتہاپسندی بڑھ رہی ہے، جسے روکنے کے لیے اجتماعی، فکری اور قانونی کوششوں کی ضرورت ہے۔
اسی طرح آل انڈیا امام کونسل کے سربراہ ڈاکٹر امام عمر احمد الیاسی نے بھی اس قتل کو “انسانیت پر دھبہ” قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ دیپو چندر داس کے قاتلوں کی جانب سے دکھائی گئی بربریت کسی بھی مذہب، اخلاقیات اور تہذیب کے خلاف ہے۔ ڈاکٹر الیاسی نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اسلام کسی بھی حالت میں انسانوں کے قتل کی اجازت نہیں دیتا۔ اسلام جان بچانے کا دین ہے، نہ کہ جان لینے کا۔
ڈاکٹر الیاسی نے ہندوستان کے وزیرِ اعظم نریندر مودی سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیش میں ہندوؤں اور دیگر اقلیتوں پر ہونے والے حملے پوری دنیا کے لیے تشویش کا باعث ہیں۔ انہوں نے انسانی حقوق کی تنظیموں، خصوصاً اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی خاموشی پر بھی سوال اٹھائے اور کہا کہ عالمی برادری کو ایسے معاملات میں واضح اور سخت مؤقف اختیار کرنا چاہیے۔
انہوں نے بنگلہ دیشی سماج سے خود احتسابی کی اپیل کرتے ہوئے یاد دلایا کہ ہندوستان نے ہمیشہ بنگلہ دیش کا ساتھ دیا ہے چاہے وہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں تعاون ہو یا مالی اور انسانی امداد۔ ان کا کہنا تھا کہ پڑوسی ممالک کے درمیان اعتماد اور تعاون تشدد، نفرت اور انتہاپسندی سے نہیں بلکہ انسانیت، قانون اور باہمی احترام سے مضبوط ہوتا ہے۔
ہندوستانی مسلم رہنماؤں کا مشترکہ پیغام بالکل واضح ہے توہینِ مذہب کے نام پر تشدد کسی بھی صورت قابلِ قبول نہیں۔ یہ نہ اسلام کا راستہ ہے اور نہ ہی کسی مہذب معاشرے کا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مجرموں کو قانون کے تحت سخت سزا دی جائے اور بنگلہ دیش میں اقلیتوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ ساتھ ہی انتہاپسندی کے خلاف علاقائی اور عالمی سطح پر متحد ہو کر فیصلہ کن کارروائی کی جائے، تاکہ انسانیت پر لگا یہ داغ مزید گہرا نہ ہو۔