کابل/ آواز دی وائس
افغانستان کے مشرقی حصے میں آنے والے طاقتور زلزلے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 1400 سے زیادہ ہوگئی ہے جبکہ 3,000 سے زائد افراد زخمی ہیں۔ ایک عہدیدار نے منگل کو یہ اطلاع دی۔ طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے "ایکس" پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ مشرقی افغانستان میں آنے والے ہولناک زلزلے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 1,400 سے تجاوز کر گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 3,000 سے زیادہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔ علاقے میں زندہ بچ جانے والوں کی تلاش کے لیے امدادی ٹیموں کا کام جاری ہے۔ اتوار کی رات دیر گئے پہاڑی علاقے میں 6.0 شدت کے زلزلے سے گاؤں تباہ ہوگئے اور لوگ گھنٹوں ملبے میں پھنسے رہے۔
افغانستان میں زلزلے سے تباہ گھر
اس سے قبل افغانستان کے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ترجمان یوسف حماد نے بتایا کہ زخمیوں کو نکالا جا رہا ہے، اس لیے یہ اعداد و شمار تبدیل ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ زلزلے کے باعث کچھ علاقوں میں بھوسلائڈنگ ہوئی، جس سے سڑکیں بند ہوگئیں، لیکن انہیں دوبارہ کھول دیا گیا ہے اور باقی راستے بھی کھولے جائیں گے تاکہ ان علاقوں تک پہنچ آسان ہو سکے جہاں جانا مشکل تھا۔ زیادہ تر نقصان کنڑ صوبے میں ہوا ہے۔ زخمیوں کو اسپتال پہنچانے کے لیے ہیلی کاپٹر استعمال کیے جا رہے ہیں اور امدادی ایجنسیوں نے بتایا کہ ان کی ٹیمیں کچے راستوں اور ٹوٹی سڑکوں کی وجہ سے سب سے ویران علاقوں تک پہنچنے کے لیے پیدل سفر کر رہی ہیں۔
بین الاقوامی مدد کی اپیل
طالبان حکومت نے عالمی برادری سے مدد کی اپیل کی ہے۔ برطانیہ نے 10 لاکھ پاؤنڈ (13 لاکھ امریکی ڈالر) کی ہنگامی امداد دینے کا وعدہ کیا ہے، جسے طالبان حکومت کے بجائے انسانی ہمدردی کی ایجنسیوں میں تقسیم کیا جائے گا، حالانکہ برطانیہ طالبان حکومت کو تسلیم نہیں کرتا۔ چین سمیت دیگر ممالک نے بھی آفت سے نمٹنے کے لیے امداد دینے کی پیشکش کی ہے۔ سنہ 2021 میں طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد سے یہ تیسرا بڑا زلزلہ ہے اور افغانستان کے لیے یہ ایک نیا بحران ہے، جو امدادی فنڈ میں بھاری کٹوتی اور کمزور معیشت سے نبرد آزما ہے۔ ’’ورلڈ ویژن افغانستان‘‘ امدادی ایجنسی کے ایڈووکیسی ڈائریکٹر مارک کالڈر نے خبردار کیا ہے کہ متاثرین کی تعداد 2,50,000 سے زیادہ ہو سکتی ہے۔