شملہ/ آواز دی وائس
ہماچل پردیش کے وزیراعلیٰ سکھویندر سنگھ سُکھو نے بتایا کہ پیر کی دیر رات ہونے والی بھاری بارش کے باعث سڑک دھنس گئی، جس کے نتیجے میں پانچ افراد کی موت ہو گئی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست بھر میں کئی پنچایت رابطہ سڑکیں، پانی کی فراہمی کی اسکیمیں اور بجلی کی لائنیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ کل رات بھاری بارش ہوئی۔ سڑک دھنسنے سے پانچ لوگوں کی جان چلی گئی۔ کئی پنچایت رابطہ سڑکیں اور ضلع کی سڑکیں متاثر ہوئیں۔ کئی علاقوں میں بجلی کے ساتھ ساتھ پینے کے پانی کی اسکیمیں بھی متاثر ہوئیں۔ اب ہم کل رات کی بارش سے ہوئے نقصان کا اندازہ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ چونکہ کل رات بھاری بارش ہوئی تھی، اس لیے نقصان کی تعداد اور بھی زیادہ ہوگی۔ حکومت صورتحال پر گہری نظر رکھ رہی ہے۔" سُکھو نے بتایا کہ منی مہیش اور بھرماور علاقوں میں پھنسے لوگوں کے لیے حکومت نے ٹرانسپورٹ کا انتظام کیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ بھرماور سے منی مہیش جا رہے کئی لوگوں میں سے، پہلے گروپ میں 3,500 لوگوں کو واپس لایا گیا۔ تقریباً 12,000 لوگ بھرماور میں پھنسے ہوئے تھے اور تقریباً 5,000 لوگوں کو حکومت کی جانب سے مہیا کرائی گئی بسوں کے ذریعے منی مہیش واپس بھیجا گیا، کیونکہ چمبا سے بھرماور تک کی سڑکیں خراب حالت میں تھیں اور کئی جگہ بہہ گئی تھیں۔
سُکھو نے یہ بھی کہا کہ "منی مہیش یاترا کے دوران تقریباً 14 سے 15 لوگوں کی موت آکسیجن کی کمی کے سبب ہوئی۔
ادھر، ہماچل پردیش اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر جے رام ٹھاکر نے ریاستی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ وہ چمبا میں حالیہ آفت سے مؤثر طریقے سے نمٹنے میں ناکام رہی۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ وزیراعلیٰ سُکھو بحران کے دوران بہار میں سیاسی پروگراموں میں حصہ لے رہے تھے۔
ٹھاکر نے پیر کو کہا کہ اس آفت کے دوران حکومت پوری طرح ناکام رہی ہے۔ جب اسمبلی کا اجلاس چل رہا تھا اور چمبا میں بھیانک آفت آئی، تب وزیراعلیٰ بہار میں سیاسی پروگراموں میں شریک تھے۔ وزیراعلیٰ اور نائب وزیراعلیٰ کے ذریعہ ایوان میں دیے گئے اعداد و شمار میں کافی فرق ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چمبا میں آفت نے انتظامیہ کی قلعی کھول دی۔ بڑی تعداد میں لوگ اب بھی پھنسے ہوئے ہیں۔ حکومت کی پہلی ترجیح آفت زدہ علاقوں میں ریلیف پہنچانا ہونی چاہیے۔
ریاستی آفات مینجمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی ایم اے) کے مطابق، ہماچل پردیش میں جاری مانسون کی تباہی اب تک 326 جانیں لے چکی ہے، جن میں 171 افراد بارش سے جڑی آفات جیسے لینڈ سلائیڈنگ، اچانک سیلاب اور بادل پھٹنے کی وجہ سے جبکہ 155 افراد سڑک حادثات میں مارے گئے۔