امدادی سامان کی تقسیم میں بھگدڑ : نائجیریا کے چرچ میں31 ہلاک

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 29-05-2022
امدادی سامان کی تقسیم میں بھگدڑ: نائجیریا کے چرچ میں31 ہلاک
امدادی سامان کی تقسیم میں بھگدڑ: نائجیریا کے چرچ میں31 ہلاک

 

 

افریقی ملک نائجیریا کے ایک گرجا گھر میں بھگدڑ مچنے سے کم از کم 31 ہلاک اور سات زخمی ہوئے ہیں۔ خبررساں ادارے اے پی نے مقامی پولیس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ واقعہ سنیچر کو ایک پروگرام میں پیش آیا جو مستحق افراد کی مدد کے لیے منعقد کیا گیا تھا۔ ایک عینی شاہد کا کہنا ہے کہ مرنے والوں میں ایک حاملہ خاتون کے علاوہ متعدد بچے بھی شامل ہیں۔

پولیس ترجمان کے مطابق پروگرام ریورز سٹیٹ میں کنگ اسمبلی پینٹیکوسٹل چرچ میں مستحق افراد کے لیے ہونے والے سالانہ ’شاپ فار فری‘ پروگرام کا اہتمام کیا گیا تھا۔ ایسے پروگرام نائجیریا میں ہوتے رہتے ہیں۔

نائجیریا کو افریقہ کی بڑی معشیت سمجھا جاتا ہے تاہم حکومتی اعدادوشمار کے مطابق وہاں آٹھ کروڑ سے زائد افراد انتہائی غربت کا شکار ہیں۔ پولیس ترجمان ارینجے کو کو کا کہنا تھا کہ چرچ میں پروگرام سنیچر کی صبح نو بجے شروع ہونا تھا تاہم صبح پانچ بجے وہاں لوگوں کے پہنچنے کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا تاکہ قطاروں میں بہتر جگہ پا سکیں۔

رپورٹ کے مطابق گیٹ بند تھے جس کے سامنے لوگ جمع تھے اور دھکم پیل میں گیٹ ٹوٹ گیا جس سے بھگدڑ مچ گئی۔ نائجیریا کی نیشنل ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی کے اہلکار گاڈون ٹیپیکور نے واقعے کے تھوڑی دیر بعد بتایا تھا کہ سکیورٹی فورسز کے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور مرنے والوں کی لاشیں منتقل کی جا رہی ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مقامی لوگ بھی مدد کے لیے پہنچے اور ہنگامی صورت حال میں کام کرنے والے اہلکاروں کی مدد کی۔ عینی شاہدین کے مطابق بہت خوفناک صورت حال تھی، زخمیوں کو کھلے میدان میں رکھا گیا جہاں طبی شعبے کے اہلکار ان کو طبی امداد دے دیتے رہے۔ اس واقعے کی چند ویڈیوز بھی سامنے آئی ہیں، جن میں افراتفری دیکھی جا سکتی ہے اور وہ اشیا بھی نظر آ رہی ہیں جو مستحق افراد میں تقسیم کی جانی تھیں۔

ان میں جوتے، کپڑے اور دوسرا سامان شامل تھا۔ ڈینیئل نامی ایک عینی شاہد نے اے پی کو بتایا کہ مرنے والوں میں بچوں کی تعداد کی بہت زیادہ ہے، جن میں ایک ماں کے پانچ بچے بھی شامل ہیں جبکہ ایک حاملہ خاتون بھی واقعے میں ہلاک ہوئی۔‘