علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں ’کھوج سفر ‘ وفد کی اہم ملاقاتیں ،تعلیم اور علوم ِقرآن کے فروغ پر زور
کالی کٹ ؍ علی گڑھ(عبدالکریم امجدی )
انڈیا کنیکٹ کے تحت قرآن ایوارڈ کی تشہیری مہم کے وفد نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کا دورہ کیا ۔جہاں مختلف علمی ،وتعلیمی مراکز کا معائنہ ،اہم املاقاتیں اور کئی اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ وفد کی قیادت سید احمد کبیر البخاری نے کی ۔علی گڑھ مسلم یونیورسٹی پہونچنے پر ایس ایس ایف اے ایم یو یونٹ اور ملیالی ایسو سی ایشن کی جانب سے پُرتپاک خیر مقدم کیا گیا اور ملک گیر کھوج سفرکی قرآن بیداری مہم کو سراہتے ہوئے اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا ۔
وفد نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد محسن خان سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ تعلیم ہی سماجی، فکری اور تہذیبی نشاۃِ ثانیہ کی اصل بنیاد ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اقدار پر مبنی تعلیم، اخلاقی تربیت اور تعلیمی معیار کا فروغ ہی ایک مہذب، باشعور اور ترقی یافتہ معاشرے کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔

کھوج سفر کے وفد نے مدین اکیڈمی کی 30 سالہ تقریبات اور انڈیا ہولی قرآن ایوارڈ کے مقاصد و وژن سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس قومی منصوبے کا مقصد ملک بھر کے طلبہ اور تعلیمی اداروں میں قرآنِ کریم کی تلاوت، حفظِ قرآن اور قرآنی شعور کو فروغ دینا ہے۔دورے کے دوران وفد نے کے۔ اے۔ نظامی سینٹر فار قرآنک اسٹڈیز اینڈ مینوسکرپٹس کا بھی دورہ کیا، جہاں علومِ قرآن، نادر مخطوطات کے تحفظ، تحقیقی تعاون اور قرآنی علوم کے فروغ پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اس نشست میں اسلامی علمی ورثے کے تحفظ اور جدید تحقیقی تقاضوں سے ہم آہنگی کے مختلف پہلوؤں پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔بعد ازاں وفد نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبۂ اسلامیات کا دورہ کیا، جہاں اسلامیات، اعلیٰ تعلیم، تحقیقی اشتراک اور قرآنی و اسلامی علوم میں تعلیمی تعاون کے امکانات پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔اس موقع پر یونیورسٹی کے ممتاز اساتذہ اور ماہرینِ تعلیم نے شرکت کی۔ کھوج سفر کی قیادت کی جانب سے سید احمد کبیر البخاری، حضرت بشیر سعدی کیرالہ اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔تعلیمی وفد میں شامل شخصیات:پروفیسر ڈاکٹر عبدالرحیم کے چیئرمین، شعبۂ میوزیالوجیڈاکٹر عبدالعزیز این۔ پی اسسٹنٹ پروفیسر،شعبۂ معاشیات ،ڈاکٹر منیر ارم کژھیان اسسٹنٹ پروفیسرشعبۂ انگریزی ،ڈاکٹر سبیر پی۔ ایم اسسٹنٹ پروفیسر شعبۂ غیر ملکی زبانیںجناب رفصل بابو سی۔ وی۔— اسسٹنٹ پروفیسر، شعبۂ جدید ہندوستانی زبانیں،ڈاکٹر حمید میاں— اسسٹنٹ پروفیسر، کے۔ اے۔ نظامی سینٹر فار قرآنک اسٹڈیز۔شعبۂ اسلامیات، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے شریک اساتذہ پروفیسر آدم ملک خان،— چیئرمین و پروفیسر،پروفیسر عبد الحمید فاضلی ،پروفیسرڈاکٹر بلال احمد کٹی ، ایسوسی ایٹ پروفیسرڈاکٹر ایاز احمد ایسوسی ایٹ پروفیسر۔واضح رہے کہ یہ دورہ تعلیمی اشتراک کو مضبوط بنانے، اخلاقی و تعلیمی اقدار کے فروغ، علومِ قرآن کی ترویج اور نوجوان نسل کو علم و کردار سے آراستہ کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔ ملاقاتوں میں اس عزم کا بھی اظہار کیا گیا کہ ملک بھر میں علم، کردار سازی اور قرآنی تعلیم کے فروغ کے لیے تعلیمی اداروں اور علمی و سماجی اقدامات کے درمیان باہمی تعاون کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔
فوٹو کیپشن : علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں ’قرآن ایوارڈ کی تشہیری مہم کھوج سفر کے وفد کی پرووائس چانسلرپروفیسر محمد محسن خان سے ملاقات ۔