نئی دہلی: کانگریس کے صدر ملیکارجن کھڑگے نے وزیر اعظم نریندر مودی پر براہِ راست حملہ بولا ہے۔ انہوں نے امریکہ کے ساتھ موجودہ تعلقات پر سوال اٹھائے اور الزام لگایا کہ مودی حکومت کی خارجہ پالیسی سے ہندوستانیوں کو بھاری نقصان ہو رہا ہے۔
کھڑگے نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا کہ وزیر اعظم کو ان کے یومِ پیدائش پر ملے "ریٹرن گفٹ" نے ہندوستانیوں کو مایوس کیا ہے۔ کھڑگے نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ نے H-1B ویزا پر سالانہ 100,000 ڈالر فیس عائد کی ہے، جس سے سب سے زیادہ اثر ہندوستانی آئی ٹی پروفیشنلز پر پڑا ہے۔
تقریباً 70 فیصد H-1B ویزا ہولڈر ہندوستانی ہیں۔ اس کے علاوہ 50 فیصد ٹیرف پہلے ہی نافذ ہو چکا ہے۔ صرف 10 شعبوں میں ہندوستان کو تقریباً 2.17 لاکھ کروڑ روپے کے نقصان کا اندازہ ہے۔ کانگریس صدر نے کہا کہ ہندوستانی آؤٹ سورسنگ کمپنیوں کو نشانہ بنانے والا HIRE ایکٹ بھی نافذ کر دیا گیا ہے۔ وہیں ایران کی چاہ بہار بندرگاہ پر دی گئی چھوٹ ہٹا لی گئی ہے، جس سے ہندوستان کے تزویراتی (اسٹریٹجک) مفادات متاثر ہوں گے۔
اس کے ساتھ ہی یورپی یونین سے ہندوستانی اشیاء پر 100 فیصد ٹیرف لگانے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔ کھڑگے نے یہ بھی کہا کہ ٹرمپ نے کئی بار دعویٰ کیا ہے کہ ان کی مداخلت سے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ ٹلی۔ کانگریس صدر نے اسے ہندوستان کی شبیہ کے لیے نقصان دہ قرار دیا۔ کھڑگے نے کہا کہ ہندوستان کے قومی مفاد ہمیشہ اولین ہونے چاہئیں۔
انہوں نے مودی حکومت کی خارجہ پالیسی کو صرف "نمائشی تماشہ" قرار دیا اور کہا کہ گلے ملنا، کھوکھلے نعرے اور پروگراموں میں "مودی، مودی" کے نعرے لگوانا خارجہ پالیسی نہیں ہے۔ ان کے مطابق، خارجہ پالیسی کا مقصد ہندوستان کے مفادات کا تحفظ کرنا اور متوازن انداز میں دوستی بڑھانا ہونا چاہیے، ورنہ ہندوستان کی طویل المدتی ساکھ کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔