کھڑگے، راہل کا دیہی عوام کے نام خط

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 19-01-2026
کھڑگے، راہل کا دیہی عوام کے نام خط
کھڑگے، راہل کا دیہی عوام کے نام خط

 



نئی دہلی:کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے اور سابق صدر راہل گاندھی نے منریگا کی جگہ لائے گئے ’’وکست بھارت–جی رام جی ایکٹ‘‘ کی مخالفت کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اس قانون کے تحت دیہی آبادی کے لیے کام اب ایک ’ریوڑي‘ بن جائے گا۔ ان کے مطابق حکومت جسے چاہے گی کام دے گی اور کام اب عوام کا حق نہیں رہے گا۔

دیہی عوام کے نام لکھے گئے خط میں کانگریس کے دونوں اعلیٰ رہنماؤں نے الزام لگایا ہے کہ لوگوں سے ان کا کام کرنے کا حق چھینا جا رہا ہے اور اس نئے قانون کے ذریعے ریاستوں پر مالی بوجھ ڈالا جا رہا ہے۔ کھڑگے اور راہل گاندھی کا یہ خط کانگریس کی ملک گیر مہم ’’منریگا بچاؤ سنگرام‘‘ کا حصہ ہے، جس کے تحت پرانے قانون کی بحالی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ یہ مہم 10 جنوری کو شروع ہوئی اور 25 فروری تک جاری رہے گی۔

کانگریس نے تمام ریاستی اکائیوں کے سربراہوں سے کہا ہے کہ اس خط کا مقامی زبانوں میں ترجمہ کروا کر اسے دیہی علاقوں میں تقسیم کیا جائے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ 20 سال قبل منموہن سنگھ کی قیادت والی یو پی اے حکومت نے مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی ایکٹ (منریگا) نافذ کر کے کام کرنے کے آئینی حق کو عملی شکل دی تھی۔

دونوں رہنماؤں کے مطابق منریگا کے تحت 180 کروڑ سے زائد دنوں کا روزگار فراہم کیا گیا، دیہات میں ٹینکیوں اور سڑکوں جیسی تقریباً 10 کروڑ اثاثے بنائے گئے اور گرام پنچایتوں کو منصوبوں پر فیصلہ سازی کا اختیار دے کر پنچایتی راج نظام کو مضبوط کیا گیا۔ خط میں کہا گیا ہے: ’’آپ کا کام کرنے کا حق چرایا جا رہا ہے۔ پہلے پورے ملک میں ہر دیہی خاندان کے لیے کام ایک قانونی ضمانت تھا۔

کسی بھی گرام پنچایت میں کام مانگنے والے خاندان کو 15 دن کے اندر کام دینا لازم تھا۔ اب یہ حق نہیں رہے گا بلکہ مودی حکومت کی مرضی کے مطابق ’ریوڑي‘ دی جائے گی۔‘‘ کانگریس رہنماؤں نے مزید کہا کہ بغیر کسی ضمانت کے سالانہ نظرثانی کے ساتھ اجرت من مانے طریقے سے طے کی جائے گی۔ یہ اسکیم فصل کے موسم میں نافذ نہیں ہوگی، جس سے مزدوروں کو دوسرے کام کرنے پر مجبور ہونا پڑے گا۔ کھڑگے اور راہل گاندھی نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ گرام پنچایتوں کے اختیارات ٹھیکیداروں کو سونپ دیے جائیں گے۔