نئی دہلی
دہلی میں ضبط کی گئی تقریباً 1700 کلوگرام منشیات کو تلف کرنے کے عمل کی نگرانی کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر ترنجیت سنگھ سندھو نے منگل کو کہا کہ یہ کارروائی ’’جرائم پر قانون کی فتح اور نشے پر امید کی جیت‘‘ کی علامت ہے۔حکام کے مطابق بین الاقوامی بازار میں ان منشیات کی مالیت تقریباً 72 کروڑ روپے تھی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ترنجیت سنگھ سندھو نے اعلان کیا کہ دہلی کو 2027 تک منشیات سے پاک بنانے کی مہم کے تحت شہر کے پہلے خصوصی انسدادِ منشیات ٹاسک فورس (اے این ٹی ایف) پولیس اسٹیشن کے قیام کی منظوری دے دی گئی ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ یہ تقریب صرف ضبط شدہ منشیات کو تباہ کرنے کے بارے میں نہیں ہے، بلکہ یہ اس پورے نظام کو ختم کرنے کی کوشش ہے جو نوجوانوں کو تباہ کرتا ہے، خاندانوں کو کمزور بناتا ہے اور سماج کے مستقبل کو نقصان پہنچاتا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ یہ قانون اور امید کی جیت کی علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی قیادت میں ’’نشہ مکت ہندوستان‘‘ کا وژن صرف ایک سرکاری پروگرام نہیں بلکہ ایک ’’قومی مشن اور سماجی ذمہ داری‘‘ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ دہلی پولیس منشیات اسمگلروں کی مالی بنیاد کو توڑنے پر توجہ دے رہی ہے۔ اس کے تحت سخت قانونی کارروائی، مالی تحقیقات اور جائیدادوں کی ضبطی جیسے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ ’نشہ ناٹ کول‘ جیسی بیداری مہمات کو بھی مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔