جمہوریت کو مضبوط بنانے کی کنجی شفاف ووٹر لسٹ ہے: گیانیش کمار

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 21-01-2026
جمہوریت کو مضبوط بنانے کی کنجی شفاف ووٹر لسٹ ہے: گیانیش کمار
جمہوریت کو مضبوط بنانے کی کنجی شفاف ووٹر لسٹ ہے: گیانیش کمار

 



نئی دہلی: چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے بدھ کے روز کہا کہ ’’شفاف اور درست‘‘ ووٹر فہرست جمہوریت کو مضبوط بنانے کی بنیادی کنجی ہے۔ انہوں نے یہ بات اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے ووٹر لسٹ کے خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) پر اٹھائے گئے سوالات کے پس منظر میں کہی۔

انہوں نے یہاں الیکشن مینجمنٹ باڈیز کے ایک بین الاقوامی کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بھی بتایا کہ گزشتہ سال بہار میں ووٹر لسٹ کی نظرثانی کے عمل کے دوران ووٹروں کے اندراج یا نام حذف کیے جانے کے خلاف ایک بھی شکایت درج نہیں کی گئی تھی۔ کمار نے کہا کہ بہار اسمبلی انتخابات کے دو مراحل میں ایک لاکھ پولنگ اسٹیشنوں میں سے کسی ایک پر بھی دوبارہ ووٹنگ (ری پول) کا حکم نہیں دیا گیا۔

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا، ’’قانون کے مطابق ہر اہل ووٹر پر مشتمل ایک شفاف ووٹر فہرست جمہوریت کو مضبوط بنانے اور اسی فہرست کی بنیاد پر ہونے والے تمام انتخابات کے لیے ناگزیر ہے۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ بہار میں ووٹر لسٹ کی نظرثانی کا عمل سخت عوامی جانچ پڑتال کے درمیان مکمل کیا گیا۔ ان کے مطابق، ووٹر فہرستوں کی تطہیر سے لے کر انتخابات کے انعقاد تک، مقامی انتخابی مشینری نے بڑے پیمانے پر کارکردگی اور مہارت حاصل کی۔

اپوزیشن جماعتیں ایس آئی آر کے معاملے پر بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت اور الیکشن کمیشن پر حملہ آور رہی ہیں اور الزام لگاتی رہی ہیں کہ یہ ووٹوں میں ہیرا پھیری کی ایک کوشش ہے۔ تاہم حکومت اور الیکشن کمیشن نے ان الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔

ایس آئی آر کا دوسرا مرحلہ گزشتہ سال 4 نومبر کو انڈمان و نکوبار جزائر، لکشدیپ، چھتیس گڑھ، گوا، گجرات، کیرالہ، مدھیہ پردیش، پڈوچیری، راجستھان، تمل ناڈو، اتر پردیش اور مغربی بنگال میں شروع ہوا تھا۔ آسام میں ووٹر لسٹ کی ایک علیحدہ ’’خصوصی نظرثانی‘‘ کا عمل جاری ہے۔

ریاستوں میں ووٹر لسٹ کی آخری ایس آئی آر کو ’کٹ آف‘ تاریخ کے طور پر استعمال کیا جائے گا، جیسا کہ بہار کی 2003 کی ووٹر فہرست کو الیکشن کمیشن نے گہری نظرثانی کے لیے بنیاد بنایا تھا۔ اکثر ریاستوں میں ووٹر لسٹ کی آخری ایس آئی آر 2002 سے 2004 کے درمیان کی گئی تھی۔