کیرالہ :وی ڈی ستیشن کو اگلا وزیر اعلیٰ منتخب کرلیاگیا

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 14-05-2026
کیرالہ :وی ڈی ستیشن کو اگلا وزیر اعلیٰ منتخب کرلیاگیا
کیرالہ :وی ڈی ستیشن کو اگلا وزیر اعلیٰ منتخب کرلیاگیا

 



نئی دہلی: کانگریس کی کیرالہ یونٹ کے سینئر رہنما وی ڈی ستیشن کو ریاست کا اگلا وزیر اعلیٰ منتخب کر لیا گیا ہے۔ کانگریس کی مرکزی قیادت نے پارٹی کے اعلیٰ اور ریاستی رہنماؤں کے ساتھ طویل مشاورت کے بعد ستیشن کے نام کی منظوری دی۔

کیرالہ کے لیے مقرر کردہ پارٹی مبصرین اجے ماکن اور مکول واسنک، اور جنرل سیکریٹری جے رام رمیش کے ساتھ نئی دہلی میں پارٹی دفتر میں منعقدہ مشترکہ پریس کانفرنس میں کانگریس کی کیرالہ انچارج دیپا داس منشی نے ستیشن کے نام کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا: “7 مئی 2026 کو ترواننت پورم میں کانگریس قانون ساز پارٹی کی میٹنگ ہوئی تھی جس میں متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی گئی تھی کہ کانگریس صدر کو کیرالہ میں قانون ساز پارٹی کے نئے لیڈر کے انتخاب کا اختیار دیا جائے۔

اسی کے مطابق کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے سی پی پی صدر سونیا گاندھی، لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی، اے آئی سی سی مبصرین اجے ماکن اور مکول واسنک سمیت دیگر رہنماؤں سے وسیع مشاورت کی۔ انہوں نے بتایا کہ ان تمام مشاورتوں کی بنیاد پر وی ڈی ستیشن کو کانگریس قانون ساز پارٹی کا قائد مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وی ڈی ستیشن کیرالہ کی پچھلی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تھے۔ وزیر اعلیٰ کے عہدے کے دیگر اہم امیدواروں میں کانگریس کے تنظیمی جنرل سیکریٹری کے سی وینوگوپال اور سینئر رہنما رمیش چنیتھلا بھی شامل تھے۔ واضح رہے کہ 7 مئی کو کانگریس قانون ساز پارٹی کی میٹنگ میں ایک قرارداد منظور کر کے قیادت کو قائد کے انتخاب کا اختیار دیا گیا تھا۔ کیرالہ میں حالیہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی قیادت والے یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ (یو ڈی ایف) نے 140 میں سے 102 نشستیں جیت کر اکثریت حاصل کی تھی۔