کوچی: کیرالہ کی ارناکلم ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز کورٹ نے 2017 میں اداکارہ کے ساتھ اجتماعی جنسی زیادتی کے ہائی پروفائل مقدمے میں چھ ملزمان کو 20 سال قیدِ بامشقت کی سزا سنائی ہے۔ جمعہ کو سنائے گئے فیصلے میں عدالت نے کہا کہ یہ جرم نہایت سنگین ہے اور معاشرے میں شدید خوف و اشتعال کا سبب بنا تھا۔
جج ہنی ایم ورگیز نے ملزمان سنیل این ایس عرف پلسر سنی، مارٹن اینٹونی، منیکندن بی، وجئےش وی پی، سلیم ایچ اور پردیپ — کو اجتماعی زیادتی سمیت متعدد دفعات کے تحت مجرم قرار دیا۔ عدالت نے دیگر جرائم کی سزائیں بھی سنائیں، تاہم تمام سزائیں ایک ساتھ چلیں گی۔
عدالت نے متاثرہ اداکارہ کو پانچ لاکھ روپے معاوضہ دینے کا حکم دیا، جبکہ جنسی استحصال کی ویڈیو والا پین ڈرائیو تفتیشی افسر کی تحویل میں رکھنے کی ہدایت دی گئی۔ 8 دسمبر کو عدالت نے اس کیس میں شامل معروف اداکار دلیپ سمیت چار ملزمان کو شک کی بنیاد پر بری کر دیا تھا۔ دلیپ پر اس جرم کی سازش رچنے کا الزام تھا اور انہیں تحقیقات کے دوران گرفتار بھی کیا گیا تھا، مگر تقریباً چھ سال طویل کارروائی کے بعد انہیں بے گناہ قرار دیا گیا۔
سزا سے پہلے کی سماعت میں ملزمان نے خاندانی اور صحت کے مسائل کا حوالہ دیتے ہوئے نرمی کی درخواست کی۔ مارٹن اور پردیپ عدالت میں روتے ہوئے اپنی بے گناہی پر اصرار کرتے رہے اور کہا کہ وہ اپنے گھر کے واحد کفیل ہیں۔ دوسری جانب، خصوصی استغاثہ وی. اَجا کمار نے مؤقف اپنایا کہ اجتماعی زیادتی جیسے سنگین جرم پر سبھی مجرموں کو زیادہ سے زیادہ عمر قید کی سزا ملنی چاہیے۔
عدالت نے بھی یہ واضح کیا کہ پلسر سنی کا کردار باقی مجرموں سے کہیں زیادہ سنگین تھا۔ 17 فروری 2017 کو یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ملزمان نے زبردستی اداکارہ کی گاڑی میں گھس کر اسے تقریباً دو گھنٹے تک یرغمال بنا لیا۔ مرکزی ملزم پلسر سنی نے چلتی کار میں اداکارہ کے ساتھ جنسی زیادتی کی اور دیگر ملزمان کی مدد سے اس کی ویڈیو بھی بنائی۔ یہ واردات سامنے آنے کے بعد پورے کیرالہ میں شدید غم و غصہ پھیل گیا تھا، اور فلم انڈسٹری سے لے کر سیاسی حلقوں تک وسیع ردِعمل دیکھنے میں آیا تھا۔