ترووننت پورم: کیرالہ میں عام تعلیم کے محکمے کی ٹیکنالوجی شاخ کیرالہ انفراسٹرکچر اینڈ ٹیکنالوجی فار ایجوکیشن (KITE) نے اسکولوں میں روبوٹکس کی تعلیم کو آگے بڑھانے کے مقصد سے پانچ ہزار جدید ’’روبوٹک کٹس‘‘ کے لئے ٹینڈر جاری کیے ہیں۔ منگل کو جاری ایک سرکاری بیان میں کہا گیا کہ یہ کٹس ان تمام ہائی اسکولوں میں تقسیم کی جائیں گی جہاں ’’لٹل KITE‘‘ یونٹس سرگرم ہیں۔
اس سے پہلے KITE نے 29 ہزار روبوٹک کٹس تیار کی تھیں جن میں تقریباً 15 پرزے شامل تھے اور یہ سبھی ہائی اسکولوں کو دی گئی تھیں۔ اس تعلیمی سال سے دسویں جماعت کے چار لاکھ سے زیادہ طلبہ کے لئے ’’روبوٹکس‘‘ انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی (ICT) نصاب کا حصہ بن گئی ہے۔ KITE کے چیف ایگزیکٹو افسر کے۔
انور سادات نے بتایا کہ نئی کٹ کی بڑی خصوصیات میں ESP32 Devkit V1 بورڈ شامل ہے جو ایک مائیکرو کنٹرولر کے طور پر کام کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کو ایک 4WD اسمارٹ کار چیسیز کٹ، ایک سبمرسیبل منی واٹر پمپ اور ایک ریچارج ایبل لی آئن بیٹری پیک بھی دیا جائے گا، جن کی مدد سے وہ مختلف ماڈل تیار کر سکیں گے۔
حکام کے مطابق اس قدم کا مقصد طلبہ کی مسئلہ حل کرنے کی صلاحیت اور عملی تعلیم کو فروغ دینا ہے۔ جدید پرزوں کی مدد سے اب طلبہ ’’روور روبوٹ‘‘ (لائن فالوور، رکاوٹ سے بچنے والا)، خودکار پودوں کی آبپاشی کا نظام، حرکت سے چلنے والا سکیورٹی سسٹم اور بصارت سے محروم افراد کے لئے مددگار چھڑی جیسے جدید منصوبے بنا سکیں گے۔ پری بڈ میٹنگ پیر کو مکمل ہوئی اور کیرالہ ای ٹینڈر پورٹل کے ذریعے ٹینڈر جمع کرانے کی آخری تاریخ 25 ستمبر 2025 ہے۔