کیرالہ:نومنتخب وزیراعلیٰ کی رخصت پذیر وزیراعلیٰ سے ملاقات

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 15-05-2026
کیرالہ:نومنتخب وزیراعلیٰ کی رخصت پذیر وزیراعلیٰ سے ملاقات
کیرالہ:نومنتخب وزیراعلیٰ کی رخصت پذیر وزیراعلیٰ سے ملاقات

 



ترواننت پورم (کیرالہ): وی ڈی ستیشن نے جمعہ کے روز سبکدوش ہونے والے وزیراعلیٰ اور اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر پنارائی وجیئن کو کیرالا کی سیاست کی سب سے سینئر شخصیات میں سے ایک قرار دیتے ہوئے سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔

ترواننت پورم میں وجیئن کی رہائش گاہ پر ملاقات کے بعد ستیشن نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنارائی وجیئن کیرلا کی سیاست کے اہم اور سینئر رہنما ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ ہر معاملے پر اتفاق ضروری نہیں، لیکن ریاست کے مفاد کے لیے اہم امور پر متحد ہونا چاہیے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ سابقہ حکومتوں کے شروع کردہ ترقیاتی منصوبوں کو جاری رکھا جائے گا اور ان میں رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی۔ ان کے مطابق اگر ایک حکومت دوسری حکومت کے منصوبے ختم کرے تو ریاست کی ترقی ممکن نہیں۔ ایک روز قبل کانگریس نے 2026 کے اسمبلی انتخابات میں یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ کی بھاری کامیابی کے بعد وی ڈی ستیشن کو کیرلا کا اگلا وزیراعلیٰ نامزد کیا تھا۔ وہ 18 مئی کو حلف اٹھائیں گے۔

یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ نے 140 رکنی کیرلا اسمبلی میں واضح اکثریت حاصل کرتے ہوئے 102 نشستیں جیت لیں اور بائیں بازو کے اتحاد کے ایک دہائی پر محیط اقتدار کا خاتمہ کر دیا۔ وی ڈی ستیشن نے اپنے حلقہ انتخاب پراؤور سے مسلسل چھٹی مرتبہ کامیابی حاصل کی، جہاں انہوں نے 78,658 ووٹ حاصل کر کے اپنے حریف کو 20,600 ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔

پیشہ کے اعتبار سے وکیل، انہوں نے اپنی سیاسی شروعات طلبہ تنظیم سے کی اور بعد میں یوتھ کانگریس میں سرگرم رہے۔ وہ 2021 سے اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے اور ریاستی سیاست میں ایک اہم اپوزیشن چہرے کے طور پر ابھرے۔