کیرالہ بلدیاتی انتخابات رجحان:کانگریس کی قیادت والے فرنٹ کو برتری حاصل

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 13-12-2025
کیرالہ بلدیاتی انتخابات رجحان:کانگریس کی قیادت والے فرنٹ کو برتری حاصل
کیرالہ بلدیاتی انتخابات رجحان:کانگریس کی قیادت والے فرنٹ کو برتری حاصل

 



ترووننت پورم: کانگریس کی قیادت والے یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ (UDF) نے کیرالہ کے مقامی بلدیاتی انتخابات میں فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے، جبکہ لیفٹ ڈیموکریٹک فرنٹ (LDF) کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ اسی دوران بی جے پی نے ترووننت پورم میونسپل کارپوریشن میں تاریخی کامیابی حاصل کرتے ہوئے پہلی مرتبہ یہاں اپنا کھاتہ کھولا ہے۔

بی جے پی نے ترووننت پورم میونسپل کارپوریشن میں نصف سنچری بناتے ہوئے بڑی جیت درج کی ہے۔ 101 رکنی کارپوریشن میں بی جے پی نے 50 نشستیں جیتیں، LDF کو 29 نشستیں ملیں، جبکہ UDF نے 19 نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔ اس کے علاوہ دو وارڈز میں آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔ یہاں 11 نومبر اور 13 نومبر کو دو مرحلوں میں ووٹنگ ہوئی، جس میں مجموعی طور پر 73.57 فیصد ووٹنگ درج کی گئی۔

کیرالا میں اگلے سال ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر یہ مقامی انتخابات سیاسی جماعتوں اور اتحادوں کے لیے نہایت اہم سمجھے جا رہے ہیں۔ ان نتائج کی بنیاد پر سیاسی پارٹیاں اپنے آئندہ انتخابی مہم کی حکمتِ عملی طے کریں گی۔ گنتی سے جڑی پل پل کی تازہ معلومات کے لیے اس صفحے سے جڑے رہیں۔

سی پی آئی (ایم) کے ریاستی سیکریٹری ایم وی گووندن نے کیرالا کے مقامی بلدیاتی انتخابات میں لیفٹ ڈیموکریٹک فرنٹ (LDF) کو ہونے والی غیر متوقع شکست کو تسلیم کیا اور تمام سطحوں پر مکمل جائزہ لینے اور ضروری اصلاحات کرنے کا وعدہ کیا۔ انہوں نے کہا، LDF کی تاریخ رہی ہے کہ وہ وقت پر اصلاحات کر کے شکست سے ابھرتی ہے، جیسا کہ 2010 کی ہار کے بعد ہوا تھا۔ گووندن نے اس بات پر زور دیا کہ لیفٹ کے ووٹ بینک میں کوئی بنیادی کمزوری نہیں آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ UDF کی جیت فرقہ پرست طاقتوں کے ساتھ اتحاد کا نتیجہ ہے اور ایسے کئی واقعات کا حوالہ دیا جہاں LDF کو شکست دینے کے لیے UDF اور بی جے پی کے ووٹوں کا حکمتِ عملی کے تحت تبادلہ ہوا۔

انہوں نے واضح کیا کہ ترووننت پورم میں بی جے پی کی کامیابی کے دعووں کے باوجود پارٹی کو دیگر علاقوں میں کوئی بڑی کامیابی نہیں ملی، جبکہ LDF نے پنڈالم جیسی اہم بلدیات کو برقرار رکھا، جن میں سبری مالا سے جڑے مراکز بھی شامل ہیں۔

ماضی کے انتخابات کا حوالہ دیتے ہوئے گووندن نے LDF کی بڑی جیتوں اور حکومت کی کامیابیوں کا ذکر کیا اور سوال اٹھایا کہ یہ کامیابیاں اس بار انتخابی نتائج میں کیوں تبدیل نہ ہو سکیں۔ کانگریس کے رکنِ پارلیمنٹ ششی تھرور نے کیرالا کے لوکل باڈی انتخابات میں UDF کی شاندار جیت کی تعریف کرتے ہوئے اسے ایک واضح عوامی مینڈیٹ اور آئندہ اسمبلی انتخابات سے قبل ایک مضبوط اشارہ قرار دیا۔

انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر لکھا، کیا ہی شاندار نتائج کا دن ہے! کیرالا کی جمہوری روح پوری طرح جھلک رہی ہے۔ تھرور نے UDF کو اس کی مضبوط کارکردگی پر مبارکباد دی اور کہا کہ سخت محنت، واضح پیغام اور حکومت مخالف لہر نے 2020 کے مقابلے میں بہتر نتائج دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے ترووننت پورم میں بی جے پی کی تاریخی کامیابی کو بھی تسلیم کیا اور اسے شہر کے سیاسی منظرنامے میں ایک بڑی تبدیلی قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا،میں نے 45 سال کی LDF کی بدانتظامی کے خلاف تبدیلی کے لیے مہم چلائی تھی، لیکن ووٹروں نے حکومت میں تبدیلی چاہنے والی ایک دوسری پارٹی کو انعام دیا ہے۔ عوام کے فیصلے کا ہمیشہ احترام کیا جانا چاہیے۔