کوچی: کیرالہ ہائی کورٹ نے مجوزہ شبری مالا گرین فیلڈ ہوائی اڈے کے لیے زمین کے حصول کے عمل کے اہم مراحل کو منسوخ کر دیا ہے اور کہا ہے کہ ریاست اس منصوبے کے لیے درحقیقت درکار کم از کم زمین کا درست اندازہ لگانے میں ناکام رہی ہے۔
ریاستی حکومت نے 30 دسمبر 2022 کو ایک حکم جاری کیا تھا جس کے تحت چروولی اسٹیٹ اور اس کے باہر واقع اضافی 307 ایکڑ زمین سمیت کل 2,570 ایکڑ زمین کے حصول کی منظوری دی گئی تھی۔ ’ایانا چیریٹیبل ٹرسٹ‘ (سابقہ نام گوسپل فار ایشیا) اور اس کے منیجنگ ٹرسٹی ڈاکٹر سِنی پُنّوسے کی جانب سے دائر کی گئی رِٹ درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے جسٹس سی جے جے چندرن نے کہا کہ زمین کے حصول، بازآبادکاری اور بازتعمیر میں منصفانہ معاوضہ اور شفافیت کے حق سے متعلق ایکٹ 2013 کے تحت فیصلہ سازی کا عمل قانونی طور پر ناقص تھا۔
جمعہ کو جاری اپنے حکم میں عدالت نے ریاستی حکومت کو ہدایت دی کہ وہ کم از کم زمین کی ضرورت کے جائزے تک محدود ایک نیا سماجی اثراتی تجزیہ (سوشل امپیکٹ اسیسمنٹ) کر کے عمل کو دوبارہ شروع کرے۔ اس کے بعد ماہرین کا ایک گروپ ازسرِنو جائزہ لے اور پھر حکومت اس پر دوبارہ غور کرے۔
درخواست گزاروں نے حکومت کے کئی اقدامات کو چیلنج کیا تھا، جن میں سماجی اثراتی تجزیہ رپورٹ، ماہر کمیٹی کا جائزہ، زمین کے حصول کی منظوری دینے والا ریاستی حکومتی حکم، اور ایکٹ 2013 کی دفعہ 11 کے تحت جاری کردہ نوٹیفکیشن شامل ہیں۔ تنازعہ بنیادی طور پر پتنم تھِٹّا ضلع کی چروولی اسٹیٹ کی زمین سے متعلق ہے، جسے شبری مالا کے یاتریوں کی سہولت کے لیے مجوزہ نئے ہوائی اڈے کی تعمیر کے لیے حاصل کیا جانا ہے۔
عدالت نے تسلیم کیا کہ ریاست کو عوامی مفاد کے لیے زمین حاصل کرنے کا اختیار حاصل ہے، لیکن قانون واضح طور پر یہ لازمی قرار دیتا ہے کہ کسی بھی منصوبے کے لیے صرف اتنی ہی زمین لی جائے جو ’’بالکل کم از کم ضروری‘‘ ہو۔ جسٹس جے چندرن نے تبصرہ کیا کہ حکام نے یہ طے کرنے میں ’’واضح طور پر غیر معقول طرزِ عمل‘‘ اپنایا کہ حقیقت میں کتنی زمین درکار تھی۔ اس کے نتیجے میں سماجی اثراتی تجزیہ رپورٹ، ماہر کمیٹی کی رپورٹ اور سرکاری حکم کو اس حد تک غیر قانونی قرار دیا گیا، جہاں وہ اس اہم شرط کو پورا کرنے میں ناکام رہے۔
چونکہ دفعہ 11 کے تحت نوٹیفکیشن صرف ان مراحل کی قانونی تکمیل کے بعد ہی جاری کیا جا سکتا تھا، اس لیے اسے بھی منسوخ کر دیا گیا۔ اختیارات کے غلط استعمال اور طاقت کے فریب پر مبنی استعمال کے الزام پر عدالت نے کوئی حتمی فیصلہ نہیں دیا۔ عدالت نے کہا کہ یہ معاملہ کم از کم زمین کی ضرورت کے تعین سے جڑا ہوا ہے اور اس کا جائزہ اسی وقت لیا جا سکتا ہے جب یہ عمل درست طریقے سے مکمل ہو جائے۔