کیرالہ : گرافین پارک کا قیام،عالمی ٹیکنالوجی مرکز بننے کا ہدف

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 14-02-2026
کیرالہ : گرافین پارک کا قیام،عالمی ٹیکنالوجی مرکز بننے کا ہدف
کیرالہ : گرافین پارک کا قیام،عالمی ٹیکنالوجی مرکز بننے کا ہدف

 



کوچی: کیرالہ نے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے بھارت کی پہلی جامع گرافین پالیسی کی منظوری دے دی ہے۔ گرافین کو مستقبل کا حیرت انگیز مٹیریل قرار دیا جاتا ہے، اور ریاست کا مقصد تحقیق، ترقی اور پیداوار کے شعبوں میں عالمی مرکز کے طور پر خود کو منوانا ہے۔

ابتدائی مرحلے میں مرکزی کابینہ نے ’’گریفین پارک‘‘ کے قیام کی منظوری دی ہے۔ کیرالہ کے وزیر صنعت پی راجیو نے ملکی اور عالمی سرمایہ کاروں کو متوجہ کرنے کے لیے متعدد مراعات کا اعلان کیا ہے، جن میں سرکاری زیر انتظام صنعتی پارکس میں قائم مینوفیکچرنگ یونٹس کے لیے لیز ادائیگیوں پر 50 فیصد سبسڈی بھی شامل ہے۔

یہ اقدام ریاست کو جدید مٹیریلز کے عالمی مرکز میں تبدیل کرنے کے وسیع وژن کا حصہ ہے۔ اس منصوبے کے تحت پالکّڑ میں گرافین انڈسٹریل پارک اور 200 کروڑ روپے کی لاگت سے ایک خصوصی ڈیجیٹل انوویشن سینٹر بھی قائم کیا جائے گا۔ وزیر نے کہا کہ اس پالیسی کا مقصد تعلیمی تحقیق اور صنعتی پیداوار کے درمیان فرق کو ختم کرنا ہے، جس کے لیے آکسفورڈ اور مانچسٹر یونیورسٹی جیسے ممتاز بین الاقوامی اداروں کے ساتھ تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔

صنعتی ترقی کے ساتھ ساتھ حکومت نے اپنی طویل مدتی پالیسی کے تسلسل کا دفاع کرتے ہوئے غربت کے خاتمے، پانچ لاکھ سے زائد خاندانوں کو رہائش کی فراہمی اور صحت کے شعبے میں بہتر اشاریوں کو اپنی کامیابیوں کے طور پر پیش کیا۔

لیفٹ ڈیموکریٹک فرنٹ (ایل ڈی ایف) کی مدتِ حکومت پر جاری سیاسی بحث کے باوجود انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ گرافین جیسے ہائی ٹیک شعبوں کو فروغ دے کر بڑے پیمانے پر روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور ریاستی معیشت کی رفتار برقرار رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔ 30 جنوری کو وزیر پی راجیو نے ریاستی بجٹ 2026 پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیر خزانہ کے این بالاگوپال کا پیش کردہ بجٹ صنعتی شعبے کو نمایاں فروغ دے گا۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ میں محکمہ صنعت کی متعدد تجاویز کی بھرپور حمایت کی گئی ہے تاکہ ریاستی معیشت کو مضبوط بنایا جا سکے۔ کے-ریل منصوبے، جسے سلور لائن بھی کہا جاتا ہے، کے بارے میں پی راجیو نے کہا کہ اسے صرف ریاستی حکومت اکیلے نافذ نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ تیز رفتار رابطہ ناگزیر ہے اور اگر مرکزی بجٹ میں ہائی اسپیڈ ریل کا اعلان کیا جاتا ہے تو اسے قبول کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے ای سریدھرن کی تقرری سے متعلق کسی سرکاری حکم نامے سے لاعلمی کا بھی اظہار کیا۔