کیرالہ :ارناکولم میں گرانڈ میلاد کانفرنس

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 31-08-2026
کیرالہ :ارناکولم میں  گرانڈ میلاد کانفرنس
کیرالہ :ارناکولم میں گرانڈ میلاد کانفرنس

 



کالی کٹ (عبدالکریم امجدی )

کوچی کے ارنا کولم میں منبع العلوم ایجوکیشنل سینٹر کے تحت ۱۵ واں سالانہ ایک روزہ عظیم الشان پیمانہ پر گرانڈ میلاد کانفرنس کا انعقاد عمل میں آیا ۔ جس میں ریاست کی مقتدر شخصیات،سادات سمیت ہزاروں فرزندان توحید نے شرکت کی ۔ کانفرنس کا افتتاح کیرالہ کے محکمۂ سماجی انصاف کے وزیر وی عبدالغفور نے کیا۔
اس مو قع پر کانفرنس سے کلیدی خطاب میں  مرکزی حج کمیٹی کے رکن اور مرکز کے سکریٹری معروف عالم دین مولانا سی محمد فیضی نے کہا کہ حضور نبی اکرم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی حیاتِ طیبہ کے پیغامات ہر زمانے اور ہر دور کے لیے قابلِ عمل اور آفاقی ہیں۔انہوں نے کہاکہ حضور نبیِ کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی حیاتِ طیبہ پوری انسانیت کے لیے ایک کامل، جامع اور عملی نمونۂ زندگی ہے۔
آپ ﷺ کی مبارک زندگی صرف کسی خاص قوم، زمانے یا طبقے کے لیے نہیں، بلکہ قیامت تک آنے والی تمام انسانیت کے لیے ہدایت، رحمت اور رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔سی فیضی نے کہاکہ آپ ﷺ نے انسانیت کو محبت، اخوت، مساوات اور احترامِ انسانیت کا درس دیا۔ آپ ﷺ نے کمزوروں، یتیموں، مسکینوں، عورتوں اور معاشرے کے محروم طبقات کے حقوق کی حفاظت کی اور ایک ایسے معاشرے کی بنیاد رکھی جس کی اساس عدل، رحم اور باہمی تعاون پر قائم تھی۔اس موقع پر اہم سادات کرام کثیر تعداد میں شریک رہے جن کے قابل ذخر اسماءسید فضل پوقویا، سید کے ایس کے تنگل، سید شہاب جفری، سید زین العابدین جمل اللیل، سید پی ایم ایس تانگل وڈوتھلا، سید حامد بافقیہ، سید زین العابدین، سید شبیر تنگل، سید حامد کویا، سید مناف سُہری، سید شہزاد اور سید جلال الدین جمال اللیل نے قیادت و سرپرستی کی۔میلاد کانفرنس کی صدارت سید عبدالفتاح نے کی ۔ مَنبَعُ العلوم کے وائس چیئرمین اور جمعیت علماء کے ضلعی صدر کَلّتھرا ے پی عبد القادر مدنی نے حُبِّ رسول ﷺ کے موضوع پر خطاب کیا، جبکہ سنی جمعیۃ المعلمین کے ریاستی صدر سید علی بافقیہ نے  دعا کی قیادت کی۔آخر میں ملک کی امن وسلامتی کی دعااور صلوۃ وسلام پر کانفرنس اختتام پذیر ہوئی ۔