ترواننتاپورم : کیرالہ میں سائبر جرائم کے بڑھتے ہوئے معاملات کے پیش نظر ریاستی پولیس نے تمام سائبر تھانوں کا انتظامی اور عملیاتی کنٹرول سائبر ڈویژن ہیڈکوارٹر کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
حال ہی میں ریاستی حکومت نے ریاستی پولیس سربراہ کو 19 سائبر پولیس تھانوں کا کنٹرول متعلقہ ضلعی پولیس سربراہوں سے منتقل کر کے پولیس انسپکٹر جنرل (آئی جی پی) سائبر آپریشنز کی نگرانی میں دینے کی منظوری دی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق اس فیصلے کا مقصد ریاست میں سائبر جرائم کی تفتیش کے لیے یکساں اور مؤثر طریقہ کار کو یقینی بنانا ہے۔
ایک سرکاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اب مختلف پولیس اضلاع میں کام کرنے والے 19 سائبر تھانے اطلاعات و مواصلاتی ٹیکنالوجی (ICT) شاخ کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کو رپورٹ کریں گے۔ حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے: ’’اس تنظیم نو کے ذریعے سائبر ڈویژن براہِ راست علاقائی سرگرمیوں کی نگرانی، وسائل کا انتظام، تکنیکی معاونت اور کوششوں کے مؤثر ہم آہنگی کو بہتر انداز میں انجام دے سکے گا، جس سے موجودہ غیر مرکزی ضلعی سطح کے کنٹرول سے پیدا ہونے والی خامیاں دُور ہوں گی۔‘
‘ پولیس کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ سائبر تھانے اپنے اپنے اضلاع کے دیگر پولیس تھانوں سے موصول ہونے والے سائبر جرائم کے مقدمات درج کرتے رہیں گے۔