کیرالہ: تین سیٹیں جیتنے والی بی جے پی 6سیٹوں پر نمبردو

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 05-05-2026
کیرالہ: تین سیٹیں جیتنے والی بی جے پی 6سیٹوں پر نمبردو
کیرالہ: تین سیٹیں جیتنے والی بی جے پی 6سیٹوں پر نمبردو

 



ترواننتھاپورم: بھارتیہ جنتا پارٹی نے کیرالہ اسمبلی انتخابات میں اگرچہ صرف تین نشستیں جیتیں، تاہم چھ دیگر حلقوں میں پارٹی دوسرے نمبر پر رہی، جو ریاست میں اس کی بڑھتی ہوئی سیاسی موجودگی کو ظاہر کرتا ہے۔ چار مئی کو ووٹوں کی گنتی کے بعد بی جے پی ترووننتھاپورم، پَلَکّڑ، ملا مپُزھا، اٹنگل، کاسرگوڈ اور منجیشور کے حلقوں میں دوسرے نمبر پر رہی۔

ترووننتھاپورم میں بی جے پی کے ریاستی جنرل سیکرٹری انوپ اینٹنی 43,078 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے اور وہ کیرالا کانگریس (KEC) کے ورگیز میمن سے 10,146 ووٹوں کے فرق سے ہار گئے۔ تاہم انہوں نے 2021 کے مقابلے میں پارٹی کے ووٹ شیئر میں نمایاں اضافہ کیا۔ 2021 کے انتخابات میں اس نشست پر بی جے پی تیسرے نمبر پر تھی اور اس کا ووٹ شیئر 16.25 فیصد تھا، جبکہ اس بار یہ بڑھ کر 30.61 فیصد ہو گیا۔

پلکڑ نشست پر بی جے پی کی سینئر رہنما شو بھا سریندرن نے سخت مقابلہ کیا، لیکن آخرکار یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ کے رمیش پشاروڈی سے 13,147 ووٹوں سے ہار گئیں۔ انہیں 49,052 ووٹ ملے جبکہ پشاروڈی کو 62,199 ووٹ حاصل ہوئے۔ اس کے باوجود ان کا ووٹ شیئر 2024 کے ضمنی انتخاب کے 28.80 فیصد سے بڑھ کر 33.33 فیصد ہو گیا۔

اٹنگل میں بی جے پی کے پی سدھیر 45,788 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے اور کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) کی او ایس امبیکا سے 13,375 ووٹوں سے پیچھے رہ گئے۔ یہاں بھی بی جے پی کا ووٹ شیئر 25.92 فیصد سے بڑھ کر 30.54 فیصد تک پہنچ گیا۔

ملا مپُزھا، کاسرگوڈ اور منجیشور حلقوں میں بی جے پی کے امیدوار سی کرشن کمار، اشوینی ایم ایل اور کے سریندرن بالترتیب دوسرے نمبر پر رہے، تاہم وہ 20,000 یا اس سے زیادہ ووٹوں کے فرق سے پیچھے رہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق 140 رکنی اسمبلی میں یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ نے 102 نشستیں حاصل کیں جبکہ لیفٹ ڈیموکریٹک فرنٹ کو 35 نشستیں ملیں۔