نئی دہلی/ آواز دی وائس
جمنا میں لگاتار بڑھتے ہوئے پانی کی سطح نے ملک کی راجدھانی دہلی کے کچھ علاقوں میں سیلاب جیسے حالات پیدا کر دیے ہیں۔ جمنا کا پانی خطرے کے نشان سے اوپر ہے، جس کی وجہ سے کئی نشیبی علاقے سیلاب کی زد میں آ گئے ہیں۔ جمنا بازار، مجنوں کا ٹیلا، مایور وہار، گیتا کالونی اور جھروڑا کلاں جیسے علاقوں میں پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہو گیا ہے، جس کے سبب ہزاروں لوگ بے گھر ہو گئے ہیں۔ اب شہر کے اندرونی حصوں میں بھی پانی بھرنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
اسی دوران، عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اور دہلی کے سابق وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے تمام آپ کارکنان کو ہدایت دی ہے کہ دہلی کے سیلاب میں پھنسے اور متاثرہ لوگوں کی مدد کریں۔ کیجریوال نے عام آدمی پارٹی کے تمام کارکنوں سے اپیل کی ہے کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کریں۔
کیجریوال نے ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے جمعرات کو ایکس پر لکھا کہ دہلی میں جمنا کا پانی بڑھنے سے کئی نشیبی علاقوں میں پانی بھر گیا ہے۔ میں عام آدمی پارٹی کے تمام کارکنوں سے اپیل کرتا ہوں کہ انتظامیہ کے ساتھ مل کر راحت اور بچاؤ کے کاموں میں لگ جائیں اور ہر ضرورت مند تک مدد پہنچائیں۔