پاکستان سےآئے17 کشمیری دہشت گرد مختلف آپریشن میں مارے گئے

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 02-05-2022
پاکستان سےآئے17 کشمیری دہشت گرد مختلف آپریشن میں مارے گئے
پاکستان سےآئے17 کشمیری دہشت گرد مختلف آپریشن میں مارے گئے

 

 

آواز دی وائس، نئی دہلی

پاکستان سے جموں و کشمیر واپس آنے والے 17 کشمیری نوجوان انسداد دہشت گردی کی حالیہ کارروائیوں میں مارے گئے۔

سیکورٹی سسٹم کے ذرائع نے یہ اطلاع دی۔

ذرائع نے بتایا کہ ان میں سے کچھ نے ہتھیاروں کی تربیت حاصل کی تھی۔ یہ طلبہ اعلیٰ تعلیم کے لیے پاکستان گئے تھے اور دہشت گردی کی تربیت لے کر واپس آئے تھے۔

ذرائع کے مطابق کم ازکم17کوپاکستان کی انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے کہنے پر دہشت گرد تنظیموں نے تربیت دی اور جموں و کشمیر میں کام کرنے والے سلیپر سیل کا حصہ بنے۔

جموں وکشمیرمیں سیکورٹی ایجنسیوں کے حکام کے مطابق 2015 سے کشمیری نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد اعلیٰ تعلیم کے بہانے، اپنے رشتہ داروں سے ملنے یا شادی کے مقصد سے بھی پاکستان جا رہی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ان نوجوانوں کوملک مخالف عناصر نے گمراہ کیا تھا اور ان میں سے کچھ کو آئی ایس آئی کے سربراہوں نے تربیت بھی دی تھی۔

حکام کے مطابق جموں و کشمیر پولیس کی ریاستی تحقیقاتی ایجنسی (SIA) پہلے ہی ایک حریت رہنما کے خلاف پیسوں کے عوض پاکستان کے مختلف میڈیکل کالجوں میں کشمیری نوجوانوں کو داخلے میں سہولت فراہم کرنے کے الزام میں چارج شیٹ داخل کر چکی ہے۔ عہدیداروں نے یہ بھی کہا کہ میڈیکل کالجوں میں داخلہ دے کر جمع ہونے والی رقم کو وادی میں دہشت گردانہ سرگرمیوں میں استعمال کیا جارہا ہے۔

حکام نے مزید کہا کہ کشمیر میں علیحدگی پسند گروپوں کی ایک مضبوط لابی ان نوجوانوں کے لیے حریت رہنماؤں کے سفارشی خطوط اور پاکستانی سفارت خانے سے درست سفری دستاویزات کا بھی بندوبست کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی سفارت خانہ بھی ان طلباء کو سہولیات فراہم کرتا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ جو طلباء یا لوگ اپنے رشتہ داروں سے ملنے پاکستان جاتے ہیں اگر وہ ان کی ہدایات پر عمل کرنے پر رضامند ہو جائیں تو انہیں قیام کے دوران تمام سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔